اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے انٹرویو دے کر مکمل طور پر خود کو بے نقاب کر دیا ہے، تحریک انصاف کا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ انہوں نے منظم طریقے سے منی لانڈرنگ کی، شریف فیملی کے غیرقانونی طریقے سے اثاثے بڑھانے میں بھی اسحاق ڈار کا کردار رہا ہے، پہلے ان …
اسحاق ڈار کا شریف فیملی کے غیرقانونی طریقے سے اثاثے بڑھانے میں بڑا کردار رہا ہے،شاہد خاقان عباسی نے اسحاق ڈار کو ملک سے فرار کروانے میں سہولت کاری کی ، سینیٹر شبلی فراز

مزید خبریں
اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے انٹرویو دے کر مکمل طور پر خود کو بے نقاب کر دیا ہے، تحریک انصاف کا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ انہوں نے منظم طریقے سے منی لانڈرنگ کی، شریف فیملی کے غیرقانونی طریقے سے اثاثے بڑھانے میں بھی اسحاق ڈار کا کردار رہا ہے، پہلے ان لوگوں نے ملک کو معاشی طور پر نقصان پہنچایا اور اب یہ لوگ بیرون ملک بیٹھ کر واویلا کر کے ملک کو بدنام کر رہے ہیں، شاہد خاقان عباسی نے اسحاق ڈار کو ملک سے فرار کروانے میں سہولت کاری کی اور وہ تین سال سے وہاں بیٹھے ہوئے ہیں، جو لوگ قومی خزانے کو لوٹنے میں ملوث رہے ہیں ان کا انجام اذیت ناک ہو گا، اپوزیشن اگر گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے حوالے سے آئینی ترامیم کی مخالفت کرے گی تو یہ مزید عوام کے سامنے بے نقاب ہو جائے گی، جرنلسٹ پروٹیکشن بل جلد از جلد منظور کروانے کی کوشش کریں گے۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی گزشتہ 40 سال سے باریاں لیتی آئی ہیں، ان لوگوں نے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی، دونوں جماعتوں نے دونوں ہاتھوں سے قومی خزانے کو لوٹ کر اپنے اثاثے بڑھائے اور ملکی معیشت تباہ کی۔ شبلی فراز نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ہر دور میں قانون کا غلط استعمال کیا، 1992ءمیں منی لانڈرنگ کے حوالے سے جو قانون پاس کرایا گیا اس سے سب سے زیادہ فائدہ انہی جماعتوں نے اٹھایا، ملک کو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنما بتائیں کہ کیا وہ اسحاق ڈار کے انٹرویو پر اتفاق کرتے ہیں، اسحاق ڈار انٹرویو کے دوران مسلسل جھوٹ بول رہے تھے اور ان کا جھوٹ ان کے چہرے پر عیاں ہو رہا تھا، پوری قوم کے سامنے ان کی اصلیت سامنے آ گئی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ نے اپنی جائیدادوں کے حوالے سے بھی جھوٹ بولا اور وہ جس طرح سے دلائل کو جھٹلا رہے تھے پوری دنیا نے دیکھا، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنی ذات کو بچانے کیلئے جھوٹ بولا کہ نیب کی حراست میں ہلاکتیں ہوئی ہیں، ان لوگوں نے پہلے ملک کو معاشی طور پر نقصان پہنچایا اور اب یہ بیرون ملک ٹی وی پر بیٹھ کر انسانی حقوق کا واویلا کر کے ملک کو بدنام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو اشتہاری و مفرور قرار دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ پیمرا آزاد ادارہ ہے اور وہ اپنے قوانین پر عمل درآمد کرانے کا پابند ہے، اگر چینلز کے یا براڈکاسٹنگ قوانین کے حوالے سے کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے تو وہ یقینی طور پر معاملے کو دیکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بھی سابقہ ادوار میں مراعات لیتے رہے ہیں اسی لئے آج وہ ن لیگ اور پی پی کے بدعنوان قائدین کو بدعنوانی کیسز سے نجات دلانے کیلئے جلسے جلوسوں کا ناٹک رچا رہے ہیں، جو لوگ بھی بدعنوان عناصر کا ساتھ دیں گے وہ اپنی کریڈیبلیٹی خراب کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کیلئے اپوزیشن کے ساتھ مل کر آئینی ترامیم کرے گی، اگر اپوزیشن مخالفت کرے گی تو یہ لوگ مزید عوام کے سامنے بے نقاب ہو جائیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جرنلسٹ پروٹیکشن بل وزارت قانون کے پاس ہے، اس بل کو جلد از جلد کابینہ سے منظور کروا کے پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔








