پی آئی اے نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لئے فلائٹ آپریشن شروع کردیا

76
آپریشنل وجوہات

اسلام آباد۔28دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب کی جانب سے سفری پابندیوں میں نرمی کے بعد پی آئی اے نے سوموار سے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لئے فلائٹ آپریشن شروع کردیا- پی آئی اے کے ترجمان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے نے چیف ایگزیکٹو افسر ایئر مارشل ارشد ملک کی ہدایت پرفلائٹ آپریشن شروع کردیا ہے جس کے تحت صرف یک طرفہ اجازت نامے کے باوجود پی آئی اے دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کیلئے پروازیں چلائے گی۔ کورونا کے باعث سعودی حکومت نے صرف یک طرفہ آپریشن کی اجازت دی ہے۔پی آئی اے پر یک طرفہ آپریشن کے باعث مالی بوجھ پڑے گا مگر ہم وطنوں کی واپسی بھی ناگزیر ہے-ترجمان نے کہا کہ سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کی خصوصی ہدایات پر سوموار سے پی آئی اے نے آپریشن شروع کردیا ہے۔ پی آئی اے پاکستان تا سعودی عرب کارگو سے بھرے گی، پی آئی اے نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ پر کشش اور مناسب کارگو نرخ رکھے جائیں۔ پی آئی اے کی ہمیشہ سے روایات رہی ہیں کہ مشکل وقت میں ہمیشہ قدم آگے بڑھاتی ہے۔ دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لے کر آنا ایک قومی ذمہ داری ہے ۔