جاری مالی سال میں فارما سوٹیکلز مصنوعات کی برآمدات 23.62فیصد بڑھ گئیں،پی بی ایس

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):جاری مالی سال میں فارما سوٹیکلز مصنوعات کی برآمدات 23.62فیصد بڑھ گئیں۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان( پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں جولائی تا دسمبر2020 کے دوران برآمدات کا حجم 13کروڑ87 لاکھ51ہزار ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر2019کے دوران ادویہ سازی کی صنعت کی برآمدات سے 11کروڑ22 لاکھ38 ہزار ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا …

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):جاری مالی سال میں فارما سوٹیکلز مصنوعات کی برآمدات 23.62فیصد بڑھ گئیں۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان( پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں جولائی تا دسمبر2020 کے دوران برآمدات کا حجم 13کروڑ87 لاکھ51ہزار ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر2019کے دوران ادویہ سازی کی صنعت کی برآمدات سے 11کروڑ22 لاکھ38 ہزار ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران برآمدات میں 2 کروڑ65 لاکھ 13 ہزارڈالر یعنی23.62فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران متفرق کیمیکلز کی برآمدات میں بھی17.89 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جولائی تا دسمبر2019 کے دوران متفرق کیمیکلز کی قومی برآمدات کا حجم 21کروڑ3 لاکھ42 ہزار ڈالر رہا تھا جو رواں سال میں جولائی تا دسمبر2020 کے دوران24کروڑ79 لاکھ66 ہزار ڈالر تک بڑھ گیا۔ اس طرح متفرق کیمیکلز کی برآمدات میں3کروڑ76 لاکھ24 ہزار ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات کے مطابق گذشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران پلاسٹک مصنوعات کی برآمدات بھی 7.86فیصد تک بڑھ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا دسمبر2020کے دوران برآمدات کا حجم 16کروڑ44 لاکھ34ہزار ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر2019 کے دوران پلاسٹک مصنوعات کی برآمد سے 15 کروڑ24 لاکھ55 ہزار ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔ اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران پلاسٹک مصنوعات کی برآمدات میں ایک کروڑ19 لاکھ 79 ہزار ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزید خبریں