بلوچستان کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں،سائیکلنگ کے مقابلوں سے معلوم ہوا کہ ہمارے کھلاڑیوں میں شوق بہت زیادہ ہے، قاسم خان سوری

72

کوئٹہ۔10اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہاہے کہ بلو چستان میں کھیلوں کے مختلف ایونٹس کے انعقاد سے نہ صرف یہاں کے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے مواقع ملیں گے بلکہ صوبے کے دور دارز علاقوں میں مختلف نو عیت کے کھیلوں کے ذریعے نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا جو اپنی مختلف لگن اور کو ششوں سے صوبے اور ملک کا نام روشن کر سکیں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے بلوچستان سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام لاہور میں ہونے والی سائیکلنگ چمپئن شپ کے لئے ٹرائلزکے انعقاد کے موقع پر شرکاءسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

واضح رہے کہ ہنہ اوڑک روڈ پرمنعقدہ ٹائم ٹرائلز میں ایک کثیر تعداد میں سائیکلسٹس نے شرکت کی، سائیکل ریس میں ججز کے فرائض ایاز خان، جان عالم، انٹرنیشنل سائیکلسٹ عزت خان، انٹر نیشنل سائیکلسٹ نجیب اللہ، محمد عارف اور سجادحیدر نے انجام دیئے، مہمان خصوصی ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اس موقع پر تمام سائیکلسٹوں کو مبارک دی اور کہا کہ بلوچستان میرا گھر ہے اور یہاں جتنے بھی کھیلوں کے مقابلے ہوں گے ان کی سرپرستی کی جائے گی اورخصوصاً میںبلوچستان میں سائیکلنگ کے فروغ کے لئے کام کرتا رہوں گا۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور آج کے ان سائیکلنگ کے مقابلوں سے معلوم ہوا کہ ہمارے کھلاڑیوں میں شوق بہت زیادہ ہے، مجھے امید ہے کہ سائیکلسٹ اسی طرح محنت کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے، قاسم خان سوری نے اس موقع پر بلوچستان سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ بلوچستان کے سائیکلسٹس کو جہاں کہیں بھی میری مدد اور تعاون کی ضرورت ہو گی میں اس کے لئے اپنی بھر پور کوشش کروں گا،

سائیکل ریس کے اختتام پر نتائج کے مطابق اول عبدالغنی رہے، دوسری پوزیشن بلال احمد،تیسری عبدالواحد، چوتھی شبیر حسین، پانچویں طور جان اور چھٹی پوزیشن ضمیر احمد نے حاصل کی، دریں اثناءبلوچستان سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری جان عالم اور صدر ایازخان نے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کا شکریہ ادا کیاکہ انہوں نے اپنا قیمتی وقت دیا اور کچھ وقت سائیکلسٹس کے ساتھ گزارا۔