دورہ پاکستان پر آسٹریلیا کو خوش آمدید کہنے کیلئے مسرور ہوں،رمیز راجہ

لاہور۔8نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے 1998 کے بعد آسٹریلیا کے پہلے دورہ پاکستان کا اعلان کردیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی-20میچز پر مشتمل سیریز آئندہ سال مارچ اپریل میں کھیلی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق مہمان ٹیم نیشنل سٹیڈیم میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ میچ کا آغاز 3 مارچ کو ہوگا۔سیریز کے باقی دو ٹیسٹ میچز 12 …

لاہور۔8نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے 1998 کے بعد آسٹریلیا کے پہلے دورہ پاکستان کا اعلان کردیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی-20میچز پر مشتمل سیریز آئندہ سال مارچ اپریل میں کھیلی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق مہمان ٹیم نیشنل سٹیڈیم میں سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ میچ کا آغاز 3 مارچ کو ہوگا۔سیریز کے باقی دو ٹیسٹ میچز 12 تا 16 مارچ تک راولپنڈی اور 21 تا 25 مارچ تک لاہور میں کھیلے جائیں گے۔سیریز کے چاروں وائٹ بال میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے ۔

یہ میچز 29 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہیں گے۔ترجمان نے بتایاسیریز میں شامل تمام ٹیسٹ میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ جبکہ تینوں ون ڈے میچز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کااس حوالے سے کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا کو خوش آمدید کہنے پر مسرور ہیں، انہیں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے انعقاد پر ذاتی طور پر بہت خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا ایک مضبوط ٹیم ہے اور ان کا 24 سال بعد پاکستان آکر کرکٹ کھیلنا یہاں موجود فینز کے لیے بہترین لمحہ ہوگا، اسی طرح یہ آسٹریلوی کرکٹرز کے لیے بھی ایک شاندار موقع ہوگا کہ وہ پاکستان کے تاریخی گراونڈز میں کرکٹ کھیل کر یہاں کی عوام کی مہمان نوازی کا شرف حاصل کرسکتے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نک ہوکلے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی عوام کرکٹ سے پیار کرتی ہے اور ہماری آئندہ سال وہاں روانگی وہاں موجود کرکٹ فینز کو مزید پرجوش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم بہت باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور اس کی مثال یو اے ای میں جاری ٹی -20ورلڈ کپ میں ان کی حالیہ کارکردگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس دورے کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی کی کاوشوں کو سراہتے ہیں اور وہ اس سیریز کے لئے لاجسٹک، سیکورٹی اور کووڈ 19 پروٹوکولز سے متعلق آئندہ چند ماہ پی سی بی سے مسلسل رابطے میں رہیں گے۔ ان کے لیے ان کے کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کی حفاظت پہلی ترجیح ہے ۔اس تناظر میں کرکٹ آسٹریلیا کا وفد دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔ دورے کے دوران وہ پی سی بی آفیشلز اور صوبائی اور وفاقی حکام سے ملاقاتیں کرکے معاملات کو حتمی شکل دیں گے۔

آسٹریلیا نے آخری مرتبہ 1998 میں پاکستان کا دورہ کیا۔ اس دوران مارک ٹیلر کی قیادت میں مہمان ٹیم نے سیریز ایک صفر سے اپنے نام کی تھی۔ آسٹریلیا نے پہلی مرتبہ 1959 میں رچی بینوا کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔شیڈول کے مطابق3 تا 7 مارچ پہلا ٹیسٹ میچ، کراچی میں،12 تا 16 مارچ دوسرا ٹیسٹ میچ،

راولپنڈی میں،21 تا 25 مارچ تیسرا ٹیسٹ میچ، لاہور میں کھیلا جائیگا۔29 مارچ کو پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ، لاہور میں،31 مارچ کو دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ، لاہور،2 اپریل کو تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل میچ، لاہور جبکہ5 اپریل کو واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور میں کھیلا جائیگا۔

مزید خبریں