وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کی ”میٹ دی پریس“ میں گفتگو

لاہور ۔18نومبر(اے پی پی ) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کےلئے ہنگامی بنیادوں پرکام کررہی ہے،صحافیوں کے تحفظ اور سیکورٹی بل کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے جسے چند روز میں میڈیا کی نمائندہ تنظیموں، پریس کلبز اور میڈیا مالکان کو بھیجا جائے گا، صحافیوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کےلئے بین الاقوامی معیار کی پیشہ …

لاہور ۔18نومبر(اے پی پی ) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل کےلئے ہنگامی بنیادوں پرکام کررہی ہے،صحافیوں کے تحفظ اور سیکورٹی بل کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے جسے چند روز میں میڈیا کی نمائندہ تنظیموں، پریس کلبز اور میڈیا مالکان کو بھیجا جائے گا، صحافیوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کےلئے بین الاقوامی معیار کی پیشہ وارانہ تربیت کا آغاز بہت جلد ہوگا۔یہ بات انہوں نے گزشتہ شام یہاں لاہور پریس کلب میں ”میٹ دی پریس“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پیشہ وارانہ صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے،جس کو عملی جامہ پہناتے ہوئے تحفظ اور سیکورٹی بل کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے، جرنلسٹ کے تحفظ اور سیکورٹی بل کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اس کے ثمرات تمام صحافی برادری کو ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی پیشہ وارانہ تربیت کےلئے حکومت موثر اقداما ت کررہی ہے،پارلیمنٹ رپورٹر ایسوسی ایشن کے ارکان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کےلئے جلدبین الاقوامی معیار کی تربیت دینے کا پروگرام ترتیب دیا جا رہا ہے۔ آٹھویں ویج بورڈ ایوارڈ کے نفاذ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ویج بورڈ ایوارڈ میں موجود خامیوں اور کوتاہیوں کو بہتر سسٹم کے ذریعے دور کیا جائے گا اور ویج بورڈ کا نفاذ میڈیا ہاﺅسزکی مشاورت کے بعدکیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ شفافیت ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے اسی لئے رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کو ملکی تاریخ میں پہلی بار قانون کا حصہ بنایا جا رہا ہے تاکہ کوئی بھی شفافیت پر انگلی نہ اٹھا سکے۔ خواتین کے تحفظ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات نے بتایا کہ خواتین صحافیوں کےلئے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آبادمیں میڈیا بریفنگ کےلئے الگ سیکشن تشکیل دیدیا گیا ہے جسے بہت جلد باقی جگہوں پر بھی فعال کیا جائیگا۔میٹ دی پریس کے اختتام پر پریس کلب لاہور کے صدر شہباز میاں اور جنرل سیکرٹری شاداب ریاض نے وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کو سوینئر اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

Leave a Reply