شیڈول بینکوں کے کھاتوں، مختصرمدت کے قرضوں اور سرمایہ کاری میں مارچ کے مہینہ میں سالانہ بنیادوں پر نمایاں اضافہ

46
براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں رواں مالی سال کے دوران 115.75 فیصد اضافہ

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):شیڈول بینکوں کے کھاتوں، مختصرمدت کے قرضوں اور سرمایہ کاری میں مارچ کے مہینہ میں سالانہ بنیادوں پرنمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مارچ 2022 میں بینکوں کے ڈیپازٹس کاحجم 20474 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں 14.4 فیصد زیادہ تھا، گزشتہ سال مارچ میں بینکوں کے ڈیپازٹس کاحجم 17906 ارب روپے تھا

،مارچ 2022 میں شیڈول بینکوں کے مختصرمدت کے قرضوں کاحجم 10328 ارب روپے تھا جوگزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں 20.1 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال کی اسی مدت میں شیڈول بینکوں کے مختصرمدت کے قرضوں کاحجم 8600 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مارچ2022 میں شیڈول بینکوں کی سرمایہ کاری (سٹاک) کاحجم 15012 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں 19.6 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال مارچ میں شیڈول بینکوں کی سرمایہ کاری (سٹاک) کاحجم12553 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق فروری کے مقابلہ میں مارچ کے مہینہ میں شیڈول بینکوں کے ڈیپازٹس میں 2.8 فیصد، مختصرمدت کے قرضوں میں 3.7 فیصد اورسرمایہ کاری میں 3.2 فیصدکی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔