صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ڈی آئی خان حملے میں شہیدہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے ورثاء سے ٹیلی فون پر اظہار افسوس

282
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 28 اکتوبر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں حملے میں شہیدہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے ورثاء سے ٹیلی فون پر اظہار افسوس کیا۔

منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے سوار محمد اسرار اور نائیک ساجد حسین کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ تحفظِ وطن کیلئے قربانی پر قوم اپنے شہداء کی احسان مند رہے گی ۔ صدر مملکت نے شہداء کو خدمات پر سلام پیش کیا اور بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی ۔ صدر مملکت نے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی اور ورثاء کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔