وزیراعظم شہباز شریف کا نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی کی ازسرنو بحالی کا فیصلہ، شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں بین الوزارتی سٹیئرنگ کمیٹی قائم

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (نیکا) کی ازسرنو بحالی، اصلاحات اور اس کی استعداد میں اضافے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئےسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں بین الوزارتی سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں توانائی کی …

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (نیکا) کی ازسرنو بحالی، اصلاحات اور اس کی استعداد میں اضافے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئےسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں بین الوزارتی سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں توانائی کی بچت کیلئے اقدامات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم نے نیکا کی کارکردگی اور اس میں موجود خامیوں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں وسائل کا بے دریغ زیاں ہو رہا ہے اور ادارے بند پڑے ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیکا کو فوری طور پر فعال بنانے کیلئے بین الوزارتی کمیٹی اقدامات کرے اور نیکا کی افرادی قوت میں اضافہ کرتے ہوئے شفافیت کے پہلو کو مقدم رکھا جائے۔

وزیراعظم نے نیکا کے ماہرین کو تعمیراتی، صنعتی، مواصلات، پاور اور زراعت کے شعبے میں توانائی کی بھرپور بچت کیلئے وزارتوں کو لائحہ عمل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی (نیکا) کی موجودہ استعداد اور اس کے مینڈیٹ کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیکا کی استعداد بڑھانے کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے۔ اجلاس کو نیکا کے بجٹ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ قومی نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن پالیسی کا مسودہ بہت جلد کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم نے نیکا کی اصلاحات کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کرکے ضروری اقدامات کا وقت متعین کرنے اور ان اقدامات کو معینہ مدت میں یقینی بنانے کی تاکید کی۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خرم دستگیر خان، مشیرِ وزیراعظم احد چیمہ، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، معاونین خصوصی جہانزیب خان، سید فہد حسین اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزید خبریں
چیئرمین سینیٹ سے پاکستانی پروفیشنل ریسلر اَطر زاہد کی ملاقات اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی پروفیشنل ریسلر اَطر زاہد نے ملاقات کی۔ اَطر زاہد سعودی عرب میں پیدا ہونے والے پہلے پاکستانی پروفیشنل ریسلر ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اَطر زاہد کو ان کی شاندار کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اَطر زاہد نے اپنی محنت، صلاحیت اور بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کیا ہے، جو قابلِ ستائش ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کھیل امن، دوستی اور بین الاقوامی ہم آہنگی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہیں، جبکہ کھلاڑی اپنی صلاحیتوں اور کامیابیوں کے ذریعے دنیا بھر میں اپنے ملک کے بہترین سفیر ثابت ہوتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل جسمانی صحت، ذہنی نشوونما، نظم و ضبط اور ثابت قدمی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی اور پاکستانی کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔