انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی کا نیوکلیئر انسٹی ٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بائیولوجی فیصل آباد اور دیگر اداروں کا دورہ

418

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے جمعرات کو پاکستان کے سرکاری دورے کے دوسرے روز نیوکلیئر انسٹی ٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بائیولوجی فیصل آباد میں زونوٹک ڈیزیز انٹیگریٹڈ ایکشن لیبارٹری کا افتتاح کیا۔کورونا وباءکے بعد انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے جون 2020 میں زونوٹک ڈیزیز انٹیگریٹڈ ایکشن اقدام شروع کیا تھا جس کا مقصد ایک منظم اور مربوط طریقے کا استعمال کرتے ہوئے تمام ملکوں کو بیکٹیریا، فنگس اور دیگر وائرس سے پیدا ہونے والے وبائی امراض کو روکنے میں مدد دینا تھا جو جانوروں میں پیدا ہونے کے بعد انسانوں میں منتقل ہوسکتے ہیں۔ یہ اقدام آئی اے ای اے کے رکن ممالک کی تیاری اور صلاحیتوں کو مضبوط کرے گا تاکہ اس طرح کی بیماریوں کے پھیلنے کا پتہ لگاکر ان کا بروقت تدارک کیا جاسکے۔

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے قائم کردہ چار زرعی تحقیقی مراکز میں سے ایک نیوکلیئر انسٹی ٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بائیولوجی (این آئی اے بی) کے دورے کے دوران انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے این آئی اے بی کو زرعی تحقیق میں استعداد کار بڑھانے کے لیے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی سے تعاون کرنے والے مرکز کے طور پر نامزد کرنے کا اعلان کیا، انہیں کپاس، گندم، چاول اور دیگر فصلوں کی نئی قسمیں تیار کرنے کے لئے اداروں کے کام کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ان زرعی تحقیقی مراکز نے اب تک کامیابی کے ساتھ 132 زیادہ پیداوار دینے والی، کیڑوں کو برداشت کرنے والی اور آب و ہوا سے مزاحم فصلوں کی اقسام تیار کی ہیں۔ بعد ازاں ڈی جی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے چیئرمین پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی فیضان منصور سے پی این آر اے ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے جوہری تحفظ اور سیکیورٹی کے معیار اور اس کے موثر نفاذ میں جوہری ریگولیٹر کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ڈی جی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے پی این آر اے ہیڈکوارٹر میں اپ گریڈ شدہ نیشنل ریڈی ایشن ایمرجنسی کوآرڈی نیشن سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔ یہ مرکز چوبیس گھنٹے کام کرتا ہے اور کسی بھی جوہری یا ریڈیالوجیکل ایمرجنسی کی صورت میں پی این آر اے کے لائسنس دہندگان، حکومت اور انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ساتھ ہم آہنگی کا ذمہ دار ہے۔ انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سیفٹی اینڈ سیکیورٹی کا بھی دورہ کیا، جسے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے حال ہی میں نیوکلیئر سیکیورٹی میں صلاحیت سازی کے لیے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی تعاون کرنے والے مرکز کے طور پر نامزد کیا ہے۔

ڈی جی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی رافیل ماریانو گروسی نے چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور سے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے 65 سالہ تعاون اور حالیہ تعاون اور رابطوں پر تبادلہ خیال کیا، ان دوطرفہ تعلقات کا مقصد اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنا ہے۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے ماہرین کی فراہمی اور تربیتی کورسز کی میزبانی کے ذریعے خطے کے دیگر ممالک میں استعداد کار بڑھانے کے لیے ایجنسی کی کوششوں میں پاکستان کے فعال کردار کو سراہا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کا بانی رکن ہے اور 1957 سے جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے حوالے سے ایجنسی کے ساتھ باہمی فائدہ مند تعاون کررہا ہے۔ پاکستان آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں بھی باقاعدگی سے خدمات انجام دیتا ہے اور جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال میں آئی اے ای اے کے تکنیکی تعاون پروگرام کے سب سے بڑے وصول کنندگان میں سے ایک ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے ایجنسی کے مختلف شعبوں میں کام میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) پہلے ہی پاکستان میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے تعاون کے مرکز کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے۔