وائٹ ہاؤس میں عید پارٹی، خفیہ اداروں نے مسلمان میئر کو شرکت کی اجازت نہیں دی

145

واشنگٹن ۔2مئی (اے پی پی):امریکی ریاست نیوجرسی کے شہر پراسپکٹ پارک کے مسلمان میئر کو خفیہ ایجنسی نے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی عید پارٹی میں شرکت سے روک دیا گیا ۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق میئر محمد خیراللہ کو تقریب میں پہنچنے سے کچھ دیر قبل وائٹ ہاؤس سے فون کال موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ خفیہ سروس نے ان کے داخلے کی سکیورٹی کلیئرنس نہیں دی لہٰذا وہ عید پارٹی میں شرکت نہیں کر سکتے۔

وائٹ ہاؤس میں عید الفطر کی مناسبت سے تقریب منعقد کی گئی تھی جس سے صد جو بائیڈن نے بھی خطاب کیا۔خفیہ ایجنسی کے ترجمان اینتھونی گوگلیامی نے تصدیق کی کہ مسلمان میئر محمد خیراللہ کو وائٹ ہاؤس میں داخلے کی اجازت نہیں دی تاہم انہوں نے اس کی وجہ نہیں بتائی ۔امریکی اسلامک تعلقات کونسل کے نیو جرسی چیپٹر (سی اے آئی آر) کے ڈائریکٹر صلادین مسکت نے اس اقدام کو ناقابل قبول اور ہتک آمیز قرار دیا ہے۔

سی اے آئی آر نیوجرسی کی ترجمان نے بتایا کہ اس سے قبل خیراللہ کو نیو یارک کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تین گھنٹے کے لیے روکا گیا تھا اور ان سے دہشت گردوں سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی تھی۔یاد رہے کہ محمد خیراللہ جنوری میں پانچویں مرتبہ ریاست نیوجرسی کے شہر پراسپکٹ پارک کے میئر منتخب ہوئے ہیں۔