کووڈ۔ 19 اب عالمی صحت کے لیے ہنگامی صورتحال نہیں رہا، ڈبلیو ایچ او

138
World Health Organization
World Health Organization

ٹوکیو۔7مئی (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او )نے اعلان کیا ہے کہ کووڈ۔ 19 اب بین الاقوامی تشویش کی پبلک ہیلتھ ایمرجنسی نہیں رہا ہے۔ جاپانی خبررساں ادارے نے ، ڈبلیو ایچ او کےڈائریکٹر جنرل تیدروس ایڈہانوم گیبریسس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایمرجنسی، ہنگامی کمیٹی کے مشورے کی بنیاد پر ختم کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کووڈ۔ 19 اب بھی خطرہ ضرور ہے، کیونکہ اس وائرس نے گزشتہ ہفتے ہر تین منٹ میں ایک انسانی جان لی ہے۔ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے وائرس میں نئی تبدیلیوں اور متاثرین میں اضافے کے امکانات کا بھی حوالہ دیا۔ڈبلیو ایچ او نے جنوری 2020 میں کووڈ۔ 19 سے متعلق اپنی بلند ترین سطح کا انتباہ جاری کیا تھا۔ واضح رہے کہ اب تک دنیا بھر میں اس وائرس کے 70 کروڑ سے زیادہ متاثرین کی تصدیق ہو چکی ہے اور 70 لاکھ کے قریب لوگ مر چکے ہیں۔