مسلم ممالک کی مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی دھاوے کی مذمت

68
دھاوے کی مذمت

ریاض ،دبئی ۔20ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات،مصر، یمن اور اردن نے یہودی انتہا پسندوں کے مسجد اقصیٰ پر دھاوے کی مذمت کی ہے۔ سعودی خبررسا ں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے جاری بیان میں کہا ہے

کہ مقبوضہ بیت المقدس میں مقدس مقامات کومکمل تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔متحدہ عرب امارات نے مقبوضہ بیت المقدس میں ہونے والی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنےکا مطالبہ کیا ہے۔

اماراتی وزارت خارجہ نے اسرائیلی حکام پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کو روکیں اور خطے میں عدم استحکام کو بڑھاوا دینے سے گریز کریں۔ دریں اثنا سعودی عرب نے بھی بیان میں اسرائیلی قابض افواج کے حفاظتی حصار میں انتہاپسندوں یہودیوں کے ایک گروپ کے مسجد اقصیٰ پر دھاوے کی مذمت کی ۔

سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ ایسے اقدامات تمام بین الاقوامی اصولوں اور کنونشنز کی صریح خلاف ورزی ہیں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات کو معمول پرلانے کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔مصر، یمن اور اردن نے بھی انتہاپسند یہودیوں کی مسجد اقصیٰ کے احاطے میں دراندازی کی مذمت کی۔