اقوام متحدہ ۔27اکتوبر (اے پی پی):ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے خبردار کیا ہے کہ اگر غزہ پر اسرائیلی جارحیت نہ رکی تو امریکا بھی اس سے نہیں بچ سکے گا۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کہا کہ وہ امریکی حکمرانوں سے کہنا چاہتے ہیں کہ ہم خطے میں جنگ کے پھیلنے کی حمایت نہیں کرتے لیکن اگر غزہ میں نسل کشی جاری رہی تو وہ بھی اس آگ سے نہیں بچ سکیں گے۔انہوں نےکہاکہ حماس سویلین قیدیوں کو چھوڑنے کے لیے تیار ہے، دنیا 6 ہزار فلسطینی قیدیوں کی رہائی کی حمایت کرے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران نہیں چاہتا کہ اسرائیلی جارحیت مزید بڑھے۔انہوں نے کہا کہ ہم 3 ہفتوں سے اسرائیل کے جنگی جرائم کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ غزہ میں نسل کشی اور جبری نقل مکانی فوری طور پر بند کی جانی چاہیے۔
امریکا اور بعض یورپی ممالک نے اسرائیلی غاصب حکومت کی حمایت کی۔امریکا اور بعض یورپی ممالک غزہ اور مغربی کنارے میں 3 ہفتوں سے بھی کم عرصہ میں تقریباً 7 ہزا ر سے زائد فلسطینیوں کی شہادت کا باعث بنے۔ انہوں نے کہاکہ امریکا فلسطین میں نسل کشی اور جرائم کا خاتمہ کرے۔ انہوں نے کہاکہ ہم امریکا سے کہتے ہیں کہ اگر نسل کشی کی کارروائیاں جاری رہیں تو ہم اس کی مخالفت کریں گے۔ اگر غزہ میں نسل کشی جاری رہی تو امریکا بھی خود کو محفوظ نہ سمجھے ۔