بینکوں کے ڈیپازٹس ،سرمایہ کاری اور مختصر مدت کے قرضوں کے حجم میں اکتوبر کے دوران ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر اضافہ

136
State Bank
State Bank

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):بینکوں کے ڈیپازٹس ،سرمایہ کاری اور مختصر مدت کے قرضوں کے حجم میں اکتوبر کے دوران ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر میں بینکوں کے ڈیپازٹس کا حجم 26398 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو ستمبر کے مقابلے میں0.3 فیصد اور گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں 17.8 فیصد اضافہ ہے۔

ستمبر میں بینکوں کے ڈیپازٹس کا حجم 26318 ارب روپے اور گزشتہ سال اکتوبر میں 22412 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اکتوبر میں بینکوں کی جانب سے مختصر مدت کے قرضوں کے حجم میں ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر بالترتیب 0.3 فیصد اور 7.7 فیصد کا اضافہ ہوا۔ اکتوبر میں بینکوں کے مختصر مدت کے قرضوں کا حجم 11898 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو ستمبر میں 11897 ارب روپے اور گزشتہ سال اکتوبر میں 11052 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اسی طرح اکتوبر میں بینکوں کی سرمایہ کاری (سٹاک) کے حجم میں ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر بالترتیب 2.7 فیصد اور 27.1 فیصد کی نمو ہوئی۔ اکتوبر 2023 میں بینکوں کی سرمایہ کاری کا حجم 23232 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو ستمبر میں 22622 ارب روپے اور گزشتہ سال اکتوبر میں 18285 ارب روپے ریکارڈ کیا گیاتھا۔