اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ ملکی ضرورت سے زائد غذائی مصنوعات کی برآمد سے ملکی معیشت کو مستحکم اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ جمعرات کو یہاں ترقی پسند کسانوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان چاول، مکئی، پھل اور مصالحہ جات بین الاقوامی منڈیوں کو …
ضرورت سے زائد غذائی مصنوعات کی برآمد سے ملکی معیشت کو مستحکم اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا جاسکتا ہے، تاجر رہنما شہزاد علی ملک
اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ ملکی ضرورت سے زائد غذائی مصنوعات کی برآمد سے ملکی معیشت کو مستحکم اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
جمعرات کو یہاں ترقی پسند کسانوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان چاول، مکئی، پھل اور مصالحہ جات بین الاقوامی منڈیوں کو برآمد کرنے کے لیے سازگار پوزیشن میں ہے،یہاں متعدد فصلوں کی پیداوار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو ملکی ضروریات سے زائد ہے، زرعی پیداوار کی اس فراوانی سے فائدہ اٹھا کرغیر ملکی زرمبادلہ کمایا اور ملکی معیشت مضبوط کی جا سکتی ہے۔
شہزاد علی ملک ستارہ امتیاز نے کہا کہ اس صلاحیت سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے لیے متناسب برآمدی پالیسی کا نفاذ، جدید زرعی طریقوں میں سرمایہ کاری اور بین الاقوامی کوالٹی سٹینڈرڈز کو یقینی بنانا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط تجارتی شراکت داری کے قیام، عالمی زرعی نمائشوں اور پروگراموں میں شرکت اور اعلیٰ معیار کی نامیاتی پیداوار کی موثر مارکیٹنگ کرکے بین الاقوامی منڈی میں جگہ بنائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اضافی خوراک کی برآمد زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرنے کا عملی طریقہ ہے، زراعت میں جدت، بین الاقوامی معیارات کی پاسداری اور سٹریٹیجک شراکت داری کو فروغ دے کر پاکستان عالمی زرعی منڈی میں اپنی پوزیشن کو بہت زیادہ مستحکم کر سکتا ہے۔









