اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر فاد وحید نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر کام تیز کریں تا کہ یہ منصوبہ جلد مکمل ہو جس سے پاکستان میں صنعتی شعبے کو سستی توانائی ملے گی اور ملک میں صنعت کاری کو بہتر فروغ ملے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں ترکمانستان کے …
پاکستان اور ترکمانستان بزنس کمیونٹی کے لیے آسان ویزا پالیسی متعارف کرائیں ، قائم مقام صدر اسلام آباد چیمبر کی ترکمانستان کے اعزازی قونصلر سے بات چیت
اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر فاد وحید نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر کام تیز کریں تا کہ یہ منصوبہ جلد مکمل ہو جس سے پاکستان میں صنعتی شعبے کو سستی توانائی ملے گی اور ملک میں صنعت کاری کو بہتر فروغ ملے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں ترکمانستان کے اعزازی قونصلر محمد یعقوب تابانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اپنے بیٹے حاتم تابانی کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور پاکستان و ترکمانستان کے درمیان کاروباری تعلقات کو بہتر بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
قائم مقام صدر اسلام آباد چیمبر نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں بہتر ی لانے پر توجہ دیں کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکمانستان بزنس کمیونٹی کے لیے آسان ویزا پالیسی متعارف کرائیں تاکہ تجارتی وفود کے متواتر تبادلے کر کے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کی نئی راہیں تلاش کی جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دونوں ممالک کی موجودہ ویزا پالیسی پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان فضائی، سڑک اور ریلوے رابطوں کے قیام کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت اور برآمدات کومزید بہتر کیا جا سکے۔ اس موقع پر پاکستان میں ترکمانستان کے اعزازی قونصلر محمد یعقوب تابانی نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان باہمی کاروباری تعلقات کو بہتر کرنے کے عمدہ مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترکمانستان توانائی سے مالا مال ملک ہے اور پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو باآسانی پورا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکمانستان سستی بجلی پیدا کر رہا ہے جو پاکستان کو اپنی صنعت اور بڑھتی ہوئی آبادی کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے فراہم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک لینڈ لاک ملک ہونے کی وجہ سے ترکمانستان سمندر کے ذریعے بیرونی دنیا تک بہتر رسائی چاہتا ہے اور پاکستان اسے کراچی اور گوادر بندرگاہوں کے ذریعے مختصر ترین راستہ فراہم کرتا ہے، لہذا دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔انجینئر اظہر الاسلام ظفر، قائم مقام سینئر نائب صدر اور احمد خان قائم مقام نائب صدر آئی سی سی آئی نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان براہ راست فضائی روابط کے قیام کی ضرورت پر زور دیا ۔









