پاکستان ویمن نے نیوزی لینڈ ویمن کوتیسرے ون ڈے کرکٹ میچ میں3 رنز سے ہرا دیا

130
پاکستان ویمن

کرائسٹ چرچ۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان کی خواتین ٹیم نے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں شکست دے دی۔کرائسٹ چرچ میں کھیلا گیا میچ ٹائی ہو گیا تھا جس کے بعد سپر اوور میں پاکستان نے 3 رنز سے کامیابی حاصل کی۔بسمہ معروف نے 68 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور ان کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔نیوزی لینڈ ویمن کی امیلیا کیر کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سپر اوور میں پاکستان ویمن نے بغیر کسی نقصان کے 11 رنز سکور کیے جبکہ نیوزی لینڈ ویمن ٹیم سعدیہ اقبال کے اوور میں 8 رنز بنا سکی۔یہ محض دوسرا موقع ہے کہ پاکستان ویمن نے نیوزی لینڈ ویمن کو ون ڈے انٹرنیشنل میں شکست دی ہے۔ اس سے قبل اس کی واحد کامیابی نومبر 2017میں شارجہ میں تھی جہاں اس نے ثناء میر کی 4 وکٹوں اور بسمہ معروف کے ناقابل شکست 36 رنز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔نیوزی لینڈ نے پاکستان ویمن ٹیم کو جیت کے لیے 252 رنز کا ہدف دیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میڈی گرین 65 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ امیلیا کیر نے 77 اور سوفی ڈیوائن نے 29 رنز بنائے۔پاکستان کی طرف سے نشرح سندھو اور غلام فاطمہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن کی جانب سے بسمہ معروف نے 68، عالیہ ریاض نے 44 اور فاطمہ ثناء نے 36 رنز سکور کیے جبکہ نجیہہ علوی 23 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ ویمن 3 میچز کی سیریز میں 1-2 سے اپنے نام کر لی۔بسمہ معروف کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔نیوزی لینڈ ویمن کی امیلیا کیر سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں ۔