ائربس کا متحدہ عرب امارات کے ساتھ طیاروں کےلئے انجن بنانے کا نیا معاہدہ طے

114
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

دبئی۔13نومبر (اے پی پی):یورپین ایرو سپیس کمپنی ائربس نے ٹرانسپورٹ طیاروں کے لیے خصوصی ایندھن ٹینک کی تیاری شروع کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے ایج گروپ کے ساتھ نئی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

نیوز ایجنسی وام کے مطابق ایئربس نے ’’سی-29‘‘ ٹرانسپورٹ طیاروں کے لیے ایک خصوصی ایندھن ٹینک کی تیاری شروع کرنے کے لیے ایج گروپ (ای ڈی جی ای)کے ساتھ نئی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کر دیئے جو کہ دبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں کئے گئے۔

اس موقع پر ائربس ڈیفنس اینڈ سپیس میں ائر پاور کے سربراہ، جین برائس ڈومونٹ نے کہا ہے کہ ایئربس متحدہ عرب امارات کے ہوا بازی کے شعبے کی حمایت میں ایک اہم شراکت دار رہا ہے، اور طیارے کے پرزوں کی تیاری کو مقامی بنانے میں معاون ہے۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال تیار کیے جانے والے تمام ائر بس طیارے متحدہ عرب امارات میں بنائے گئے پرزوں سے لیس ہیں۔ ایئربس اگلے عشرے میں متحدہ عرب امارات میں اپنی صنعتی سرگرمیوں کو دگنا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس کا مقصد متحدہ عرب امارات کو طیارے کے پرزوں کی تیاری کے لیے ایک عالمی مرکز میں تبدیل کرنا ہے۔ائر بس جدید تکنیکی علم کی منتقلی اور انجینئرنگ کی مہارت کو مقامی اماراتی صلاحیتوں میں منتقل کرنے کے لیے بھی پرعزم ہے۔