اسلام آباد ۔ 27 اپریل (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان فلم، پروڈکشن اور براڈ کاسٹنگ کے شعبوں میں شراکت داری ناگزیر ہے۔ یہ شعبے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان اقدار، ثقافت اور دوستی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ …
وزیر مملکت اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی پولینڈ کے سفیر سے گفتگو
اسلام آباد ۔ 27 اپریل (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان فلم، پروڈکشن اور براڈ کاسٹنگ کے شعبوں میں شراکت داری ناگزیر ہے۔ یہ شعبے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان اقدار، ثقافت اور دوستی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پولینڈ کے سفیر پیٹراوپالنسکی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے دونوں ملکوں کے عوام کے باہمی مفاد کے شعبوں میں مزید تعاون مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلم ثقافتی اقدار کو اجاگر کرنے اور مختلف کمیونٹی، نسل اور رنگ کے لوگوں کے درمیان محبت، امن اور بقائے باہمی کی زبان کو فروغ دینے کا طاقتور ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان یورپی یونین کے تناظر میں پولینڈ سے باہمی تعلقات اور وسیع تناظر میں کثیر الجہتی اور طویل المدتی تعلقات کو توسیع دینے کا خواہاں ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جمہوری حکومت کی مثبت پالیسیوں کے باعث ملک میں سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے جس سے نہ صرف معاشی ترقی کیلئے مناسب ماحول پیدا ہوا ہے بلکہ ملکی سیاحت کو بھی فروغ ملا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک میں سیاحت کی موجودہ صورتحال سے غیر ملکی سیاحوں کو ان کے خدشات دور کر کے پاکستان میں سیاحت کیلئے راغب کرنے میں مدد ملے گی اور ان کا اعتماد بحال ہو گا۔









