اسلام آباد۔27 اپریل (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماﺅں کو اپنے رو یوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ، قواعد وضوابط سے آگاہی کے باوجود پی ٹی آئی کے رہنماﺅں نے محض میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کیلئے پی آئی ڈی کے سامنے ڈرامہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔جمعرات کو نجی ٹی …
وزیر مملکت برائے اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو
اسلام آباد۔27 اپریل (اے پی پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے رہنماﺅں کو اپنے رو یوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ، قواعد وضوابط سے آگاہی کے باوجود پی ٹی آئی کے رہنماﺅں نے محض میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کیلئے پی آئی ڈی کے سامنے ڈرامہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہاکہ پی ٹی آئی کی جانب سے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ( پی آئی ڈی) میں پریس کانفرنس کرنے کے حوالے سے درخواست موصول ہوئی تھی جس پر پی آئی ڈی اور وزارت اطلاعات کی جانب سے انہیں تحریری طور پر قواعد وضوابط کے حوالے سے آگاہ کردیا گیا تھا اورانہیں بتایا گیا کہ پی آئی ڈی میں کن حالات کے دوران کس کس کو پریس کانفرنس کرنے کی اجازت ہے۔ وزیر مملکت نے کہاکہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ ہر ادارہ ان کی مرضی اور دھونس کے مطابق چلے اور ایسا ممکن نہیں، کل تحریک انصاف کے رہنماء وزیر اعظم ہاﺅس یاایوان صدر میں بیٹھنے کی اجازت بھی طلب کر سکتے ہیں ۔وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت کے کچھ قواعد وضوابط ہوتے ہیں،پی ٹی آئی کے رہنماﺅں کو چاہیے کہ اپنے رویوں میں تبدیلی لائیں اور اداروں کو دھمکانہ چھوڑ دیں۔وزیرمملکت نے کہاکہ پی ٹی آئی نے قواعد وضوابط سے آگاہی کے باوجود پی آئی ڈی کے سامنے محض میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کی ایک بھونڈی کوشش کی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس کے حوالے سے وزیر اعظم ہاﺅس سے وضاحت جاری کر دی گئی ہے جس میں واضح کیا گیاہے کہ جو بھی نتائج ہوں گے انہیں عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔









