اسرائیلی جارحیت خطے کو وسیع جنگ کی طرف دھکیل رہی ہے ، سعودی وزیر خارجہ

78

ریاض ۔19نومبر (اے پی پی):سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت خطے کو وسیع جنگ کی طرف دھکیل رہی ہے۔

العربیہ اردو کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ غزہ اور لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت نے انسانی مصائب کو جنم دیا ہے، یہ جارحیت خطے کو وسیع جنگ کی طرف لے جا رہی ہے اور قانون اور بین الاقوامی اداروں کی ساکھ تباہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں دنیا کے ممالک کا یہ اٹل موقف ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ فوری بند کی جائے ، بغیر کسی رکاوٹ کے انسانی امداد کو پہنچنے دیا جائے، یرغمالیوں کو آزاد کیا جائے اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر مستقل امن کی سنجیدہ پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس وقت کشیدگی، فوجی تنازعات اور انسانی بحرانوں کا سامنا ہے اور یہ چیز ترقی کے اہداف کو یقینی بنانے میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ موت اور تباہی کے ملبے پر ترقی اور خوش حالی کی تعمیر ممکن نہیں۔