معاشی نمو کے لیے ڈیجیٹل دستاویزات، کاروبار کی رجسٹریشن اور باضابطہ معیشت کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، شاہد عمران

لاہور۔12فروری (اے پی پی):فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینئر شاہد عمران نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی نمو کے لیے ڈیجیٹل دستاویزات کے فروغ، کاروبار کی رجسٹریشن اور باضابطہ معیشت کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ بدھ کو صنعتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دستاویزات پائیدار معاشی نمو کو یقینی بنانے، بہتر حکمرانی ، شفافیت میں …

لاہور۔12فروری (اے پی پی):فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینئر شاہد عمران نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی نمو کے لیے ڈیجیٹل دستاویزات کے فروغ، کاروبار کی رجسٹریشن اور باضابطہ معیشت کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ بدھ کو صنعتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دستاویزات پائیدار معاشی نمو کو یقینی بنانے، بہتر حکمرانی ، شفافیت میں اضافہ اور بہتر معاشی منصوبہ بندی کی بنیاد ہیں۔

مناسب دستاویزات کے بغیر معاشی سرگرمیاں غیر رسمی رہتی ہیں اور ٹیکس چوری، بدعنوانی فروغ پاتی ہے۔ دستاویزات ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ غیر دستاویزی معیشت کی وجہ سے ہی پاکستان کو کم ٹیکس وصولیوں کا مسئلہ درپیش ہے۔ مناسب دستاویزات کے ساتھ کاروباری اداروں، لوگوں اور لین دین کو ٹیکس نیٹ میں لایا جا سکتا ہے۔

شاہد عمران نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے چھوٹے کاروبار مناسب ریکارڈ نہ ہونے کی وجہ سے قرضے حاصل نہیں کر سکتے۔ مناسب مالی دستاویزات موجود ہوں تو کاروبار کے لیے مالی اعانت کا حصول آسان ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستاویزی معیشتیں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرتی ہیں کیونکہ سرمایہ کار کسی بھی ملک میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے شفافیت اور احتساب کے خواہاں ہوتے ہیں۔