آئندہ مالی سال کے دوران بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 6500 نوجوانوں کو سرکاری، نجی اور ترقیاتی شعبوں میں 6 ماہ کے دورانیہ کی انٹرن شپ مہیا کی جائے گی

26
Budget2025-26

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):بااختیار نوجوان انٹرن شپ پروگرام کے تحت آئندہ مالی سال کے دوران بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 6500 نوجوانوں کو سرکاری، نجی اور ترقیاتی شعبوں میں 6 ماہ کے دورانیہ کی انٹرن شپ مہیا کی جائے گی، اس منصوبہ کیلئے ایک ارب 82 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔

سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26ء کے مطابق اس انٹرن شپ پروگرام کے تحت ان ساڑھے چھ ہزار نوجوانوں کو ان کی مہارت سے متعلقہ عہدوں پر انٹرن شپ کیلئے تعینات کیا جائے گا، اس انٹرن شپ کے دوران انہیں اپنی صلاحیتوں کے استعمال اور کام کے تجربہ کے مواقع میسر آ سکیں گے۔

پاکستان میں 15 سے 35 سال کی عمر کے نوجوانوں میں 6.3 فیصد تک بے روزگاری کا چیلنج درپیش ہے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں فنی مہارت کی سہولت کی فراہمی کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ یہ انٹرن شپ پروگرام بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔