وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پولی ایسٹر فلامنٹ یارن انڈسٹری کے وفد کی ملاقات ، ٹیکسٹائل و ملبوسات کی برآمدات بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پولی ایسٹر فلامنٹ یارن صنعت کے نمائندہ وفد نے منگل کو وزارت تجارت میں ملاقات کی۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد کی قیادت گیٹرون انڈسٹریز کے چیئرمین شبیر دیوان اور پاکستان فلامنٹ یارن مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ثاقب گڈ لک نے کی۔ ملاقات میں پاکستان میں پولی ایسٹر فلامنٹ یارن سے منسلک صنعت کو درپیش مسائل اور …

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے پولی ایسٹر فلامنٹ یارن صنعت کے نمائندہ وفد نے منگل کو وزارت تجارت میں ملاقات کی۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق وفد کی قیادت گیٹرون انڈسٹریز کے چیئرمین شبیر دیوان اور پاکستان فلامنٹ یارن مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ثاقب گڈ لک نے کی۔ ملاقات میں پاکستان میں پولی ایسٹر فلامنٹ یارن سے منسلک صنعت کو درپیش مسائل اور ملبوسات و ٹیکنیکل ٹیکسٹائل کی برآمدات کو فروغ دینے کے مواقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد نے پیداواری لاگت میں کمی، پائیداری کے فروغ اور موثر پالیسی اقدامات کے ذریعے صنعت کو استحکام دینے کے لیے اہم تجاویز پیش کیں۔

وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پالیسی کا تسلسل، مسابقت کے منصفانہ مواقع اور برآمدات کے فروغ کے لیے نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر جام کمال خان نے وفد کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے برآمدات بڑھانے کے مواقع کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے کی سہولت کاری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، کیونکہ یہ قومی برآمدات اور روزگار کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔وفاقی وزیر نے وفد کی جانب سے طویل مدتی اور قابل پیشگوئی تجارتی پالیسیوں کے قیام کی تجاویز کو سراہا اور یقین دلایا کہ ویلیو ایڈیشن، مصنوعات میں تنوع، پیداواری صلاحیت کے موثر استعمال، سرمایہ کاری کے فروغ اور ملکی صنعت کے اپ سٹریم و ڈائون سٹریم شعبوں کے درمیان ہم آہنگی کے ذریعے برآمدات کے تسلسل کو مزید تیز کیا جائے گا۔