اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ ٹیچر ایجوکیشن کے زیر اہتمام "تدریس و تعلیم میں جدت" پر چوتھی بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز فیصل مسجد کیمپس کے علامہ اقبال آڈیٹوریم میں ہوگیا۔ دو روزہ کانفرنس نیشنل بک فاؤنڈیشن اور اقبال انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے۔ کانفرنس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے ماہرین تعلیم، پالیسی …
اسلامی یونیورسٹی میں تدریس و تعلیم میں جدت پر چوتھی بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز

مزید خبریں
اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ ٹیچر ایجوکیشن کے زیر اہتمام "تدریس و تعلیم میں جدت” پر چوتھی بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز فیصل مسجد کیمپس کے علامہ اقبال آڈیٹوریم میں ہوگیا۔ دو روزہ کانفرنس نیشنل بک فاؤنڈیشن اور اقبال انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ فار ریسرچ اینڈ ڈائیلاگ کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے۔ کانفرنس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے ماہرین تعلیم، پالیسی ساز اور اسکالرز شریک ہیں۔ مختلف سیشنز میں تعلیمی میدان میں ٹیکنالوجی کا استعمال، نصاب میں اصلاحات، شمولیتی تعلیم، اور مصنوعی ذہانت کے اخلاقی استعمال جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
کانفرنس کے چیئرمین اور شعبہ ٹیچر ایجوکیشن کے سربراہ ڈاکٹر محمد منیر کیانی نے تعلیم میں جدت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعلیمی درجہ بندی بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر جمیل النبی، وائس چانسلر یونیورسٹی آف واہ نے ڈیجیٹل سہولیات تک مساوی رسائی اور جدید حکمت عملیوں کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسلامی یونیورسٹی کے وائس پریذیڈنٹ اکیڈمکس پروفیسر ڈاکٹر عبد الرحمٰن نے ثبوت پر مبنی طریقہ تعلیم، بین الشعبہ جاتی تحقیق، اور فعال تدریس کو تعلیمی بہتری کی کنجی قرار دیا۔ کانفرنس میں ملیشیا، چین، امریکہ اور سری لنکا سمیت دیگر ممالک سے آئے ہوئے ماہرین کلیدی خطابات کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 80 تحقیقی مقالے، 16 پوسٹر سیشنز اور "ڈیجیٹل تدریسی ذہنیت” کے موضوع پر ایک پینل ڈسکشن بھی منعقد ہو رہی ہے۔ کانفرنس کا اختتام (آج) جمعرات ہوگا۔








