وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف ترقیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران پروفیسر احسن اقبال نے امریکہ۔پاکستان نالج کوریڈور کو ازسرِنو فعال کرنے اور اسے وسعت دینے کی ضرورت …

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف ترقیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران پروفیسر احسن اقبال نے امریکہ۔پاکستان نالج کوریڈور کو ازسرِنو فعال کرنے اور اسے وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پاکستانی سکالرز اور ماہرین کو امریکہ کی ممتاز جامعات میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے مزید مواقع فراہم کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام پاکستان کے انسانی سرمائے کی ترقی اور اختراعی معیشت کے فروغ کے لئے نہایت اہم ہیں۔

وفاقی وزیر نے ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا جو پاکستان کی پائیدار ترقی اور مستقبل کی مسابقت کے لئے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔انہوں نے تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی پر دوطرفہ مکالماتی فورم کو دوبارہ فعال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی تعاون، مشترکہ تحقیق اور اکیڈمک و سائنسی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کا تعلیم، سائنس اور ترقی کے میدانوں میں تعاون کا ایک طویل اور کامیاب ماضی ہے، ان شراکتوں کو باہمی ترقی کے نئے وژن کے تحت بحال کرنا ہماری نوجوان نسل کو 21ویں صدی کے چیلنجز اور مواقع کے لئے تیار کرے گا۔دونوں فریقین نے پاکستان۔امریکہ شراکت کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی خوشحالی، علم کے تبادلے اور پائیدار ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

مزید خبریں