اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ یوم سیاہ کشمیر مظلوم کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور ظالم کے انجام کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا تھا، جس دن کو پوری کشمیری قوم ہر سال یومِ سیاہ کے طور پر مناتی …
عالمی برادری بھارت کو کشمیر بارے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے مجبور کرے، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق کا پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ یوم سیاہ کشمیر مظلوم کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور ظالم کے انجام کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی افواج نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا تھا، جس دن کو پوری کشمیری قوم ہر سال یومِ سیاہ کے طور پر مناتی ہے۔
پیر کو اپنے پیغام میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ وادیٔ کشمیر آج بھی قربانی، صبر اور حوصلے کی لازوال داستان لکھ رہی ہے۔ ظلم و جبر کی طویل رات کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں، اور آزادی کی صبح نو اب زیادہ دور نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ تھا، ہے اور ہمیشہ ساتھ رہے گا۔
پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے، جب تک انہیں حقِ خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر کے بچوں، ماؤں اور نوجوانوں نے حریت اور قربانی کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ان کی بہادری اور استقامت پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
رانا تنویر حسین نے زور دیا کہ انسانیت تبھی سرخرو ہوگی جب کشمیر میں انصاف ہوا نظر آئے گا۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے آگے آئے اور بھارت کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے مجبور کرے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر صرف ایک حسین وادی نہیں بلکہ یہ حق و باطل کے درمیان جاری ایک تاریخی جدوجہد کا نام ہے۔ کشمیری عوام کا عزم، ان کی قربانیاں اور ان کی امید ہی آنے والی نسلوں کے لیے آزادی کا پیغام بنیں گی۔







