اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):پاکستان بزنس فورم کے چیف آرگنائزر چوہدری احمد جواد نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون فریم ورک پر اتفاق دونوں ممالک کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہے، جو تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔ جمعرات کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اس فریم ورک کے تحت توانائی، زراعت، معدنیات، تعمیرات، سیاحت اور …
پاک سعودی اقتصادی تعاون فریم ورک سے دوطرفہ تعلقات اور ترقیاتی امکانات کو تقویت ملے گی ، چوہدری احمد جواد
اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):پاکستان بزنس فورم کے چیف آرگنائزر چوہدری احمد جواد نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون فریم ورک پر اتفاق دونوں ممالک کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہے، جو تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔
جمعرات کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اس فریم ورک کے تحت توانائی، زراعت، معدنیات، تعمیرات، سیاحت اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا، جس سے نہ صرف دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کی معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔
احمد جواد نے مزید کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے لیے ہمیشہ ایک قابل اعتماد پارٹنر رہا ہے، اور یہ نیا تعاون فریم ورک دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو ادارہ جاتی شکل دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق، اس اقدام سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، اور ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بزنس فورم اس معاہدے کے نفاذ میں مکمل تعاون فراہم کرے گا تاکہ کاروباری برادری اس کے ثمرات سے براہِ راست فائدہ اٹھا سکے۔ پی بی ایف نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ یہ فریم ورک پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سعودی عرب کے وژن 2030 کے اہداف کے درمیان ایک مضبوط پل ثابت ہوگا، جو خطے میں پائیدار ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھے گا۔









