پاکستان کا پہلا مقابلہ قرأت 24 سے 29 نومبر کو اسلام آباد میں ہو گا ، قاری سید صداقت علی چیف جج ہوں گے، سردار محمد یوسف

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام پاکستان کا پہلا قرأت مقابلہ 24 سے 29 نومبر کو اسلام آباد میں ہو گا جس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے قرأ حضرات شرکت کریں گے۔ جمعرات کو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیلئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ بین الاقوامی قرأت کا …

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام پاکستان کا پہلا قرأت مقابلہ 24 سے 29 نومبر کو اسلام آباد میں ہو گا جس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے قرأ حضرات شرکت کریں گے۔ جمعرات کو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیلئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ بین الاقوامی قرأت کا یہ پہلا مقابلہ منعقد ہونے جا رہا ہے جس کا مقصد قرآن حکیم اور اسلامی تعلیمات کا فروغ ہے، اس مقابلہ میں تمام اسلامی ممالک اور او آئی سی کے رکن ممالک شریک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک 32 قرأ حضرات کی نامزدگیاں موصول ہو چکی ہیں اور مزید ممالک سے تصدیق کا عمل جاری ہے، مقابلوں کیلئے چار بین الاقوامی ججز فرائض سرانجام دیں گے جبکہ پاکستان کے نامور قاری سید صداقت علی چیف جج ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نمایاں قرأ کرام کو یکم دسمبر کو لاہور اور 3 دسمبر کو کراچی میں ہونے والی صوبائی محافل میں بھی شرکت کا موقع فراہم کیا جائے گا جس کیلئے وزارت مذہبی امور نے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقابلہ کی وجہ سے پاکستان کا وقار عالمی سطح پر اجاگر ہو گا اور یہ اسلامی ثقافت کی ترویج کا باعث بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ حسن قرأت کے مقابلہ میں 57 اسلامی ممالک سے قرأ حضرات شریک ہوں گے، یہ پاکستان کیلئے باعث عزت ہونے کے ساتھ ساتھ ہمارے ایمانی جذبوں کو بھی اجاگر کرے گا۔ اس موقع پر قاری سید صداقت علی نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا اور لیلۃ القدر کی رات معرض وجود میں آیا، یہ پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ بین الاقوامی مقابلہ حسن قرأت پاکستان میں منعقد ہو گا۔

وزیر مذہبی امور نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے 2013ء سے 2018ء تک میری وزارت کے دور میں ہی سکولوں اور کالجوں میں ناظرہ اور ترجمہ کے ساتھ قرآن حکیم کی تعلیم کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔ وزارت مذہبی امور نے ہمیشہ بین الاقوامی مذاہب ہم آہنگی کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے، سیرت کانفرنسوں کا انعقاد بھی باقاعدگی سے کرایا جاتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم کی تعلیمات اور سنت رسولﷺ پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم نجات حاصل کر سکتے ہیں، قرآن حکیم کے مختلف زبانوں میں ترجمے بھی کئے جائیں گے جس کا مقصد قرآن حکیم کی تعلیمات کو اجاگر کرنا ہے۔

مزید خبریں