افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے،پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا کو دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں سے پاک کر دیا جائے گا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

راولپنڈی۔30اکتوبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک-افغان کشیدگی کے دوران قبائلی عوام کی جانب سے سکیورٹی فورسزکی غیر مشروط حمایت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے،پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا کو دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں سے پاک کر دیا جائے گا۔جمعرات کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ …

راولپنڈی۔30اکتوبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک-افغان کشیدگی کے دوران قبائلی عوام کی جانب سے سکیورٹی فورسزکی غیر مشروط حمایت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے،پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا کو دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں سے پاک کر دیا جائے گا۔جمعرات کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین کے جرگے کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی۔علاوہ ازیں آرمی چیف کو11کورہیڈ کوارٹرز میں موجودہ سکیورٹی صورت حال، آپریشنل تیاریوں، پاک-افغان سرحد پر امن و استحکام اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔

قبائلی عمائدین کےجرگہ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے پاک-افغان کشیدگی کے دوران قبائلی عوام کی جانب سے سکیورٹی فورسزکی غیر مشروط حمایت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کیا۔قبائلی عمائدین نے دہشت گردی اور افغان طالبان کے خلاف مسلح افواج کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے زور دے کر کہا کہ پاکستان افغانستان سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ امن کا خواہاں ہے تاہم افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے سرحد پار دہشت گردی کے تسلسل کے باوجود پاکستان نے گزشتہ چند سال میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور پاک-افغان دوطرفہ تعلقات کو بہتربنانے کے لیے افغانستان کے ساتھ متعدد مواقع پر سفارتی اور اقتصادی تعاون بڑھایا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ افغان طالبان رجیم بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد پراکسیز فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کے بجائے ان گروپس کو ہرممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قبائلی عمائدین کو یقین دلایا کہ پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا کو دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں سے پاک کر دیا جائے گا۔اس موقع پر قبائلی عمائدین نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی جانب سے دوٹوک موقف کو سراہتے ہوئے پاکستان میں امن کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اظہار کیا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ فتنہ الخوارج کے نظریے کو خیبرپختونخوا کے قبائل میں کوئی قبولیت نہیں ہے۔قبل ازیں پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

مزید خبریں