لاہور۔31اکتوبر (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے مقامی حکومتوں (لوکل گورنمنٹ) کے نظام کو ملک کی بقا کیلئے ناگزیر قرار دیتے ہوئے پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ27 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے انہیں مستقل آئینی تحفظ فراہم کرے۔جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں حال ہی میں ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی ہے،جس …
مقامی حکومتوں کو مستقل آئینی تحفظ فراہم کیا جائے،سپیکر پنجاب اسمبلی کی پریس کانفرنس

مزید خبریں
لاہور۔31اکتوبر (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے مقامی حکومتوں (لوکل گورنمنٹ) کے نظام کو ملک کی بقا کیلئے ناگزیر قرار دیتے ہوئے پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ27 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے انہیں مستقل آئینی تحفظ فراہم کرے۔جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں حال ہی میں ایک متفقہ قرارداد منظور کی گئی ہے،جس کی سیاسی جماعتوں نے حمایت کی،تاکہ مقامی حکومتوں کے نظام کو وقت کی قید سے آزاد اور مستحکم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے معاملے پر کھل کر بات ہونی چاہیے،پارلیمنٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی مدت پانچ سال ہے، لوگوں کے پاس جمہوریت کے ثمرات نہیں ہوں گے توان کا جمہوریت سے اعتماد اٹھنا شروع ہو جائے گا۔
پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی ہے،قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ایک آئینی ترمیم کی جائے جس میں ایک نیا باب ڈالا جائے اور لازمی قرار دیا جائے کہ مقررہ مدت میں انتخابات ہوں،کوئی سیاسی جماعت مقامی حکومت کی مدت کم نہ کر سکے۔ان کا کہنا تھا کہ کاکس پنجاب اسمبلی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہیں، کاکس کے لوکل حکومت میں80 ارکان شامل ہیں،اپوزیشن کے35 اراکین تھے۔متفقہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ140 اے نا مکمل ہے،صوبے مقامی حکومتیں قائم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ لازمی قرار دیا جائے کہ مقررہ مدت میں بلدیاتی انتخابات ہوں،پنجاب اسمبلی آئین میں تبدیلی نہیں کر سکتی،بلدیاتی اداروں کو سیاسی،انتظامی اور مالیاتی اختیارات دیئے جائیں،لوکل گورنمنٹ کیلئے اگر27 ویں ترمیم کرنی پڑتی ہے تو کی جانی چاہیے۔
ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ میں نے فیض آباد اور مری روڈ کو جلتے ہوئے دیکھا،مجھے تشویش ہوتی تھی کہ پاکستان میں لا قانونیت کیوں ہے،میں نے دیکھا کہ کچھ بلوائیوں نے سڑک پر گڑھے کھودے،پولیس پر سیدھے فائر کئے، امن و امان کا قیام حکومت کی ذمے داری ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو بڑا سیاست دان سمجھتاہوں،مولانا نے جو کہا وہ ان کی رائے ہے،ملک میں 27 ویں آئینی ترمیم کی بہت بازگشت ہے،مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ ملنا چاہیے۔مالی، سیاسی اور انتظامی خود مختاری کیلئے پارلیمان کو جامع تجاویز بھیج دی ہیں،امید ہے کہ پنجاب اسمبلی کی تجاویز کو اہمیت دی جائے گی۔








