اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹونی سکُو نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر محمد ریحان حنیف سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔ہفتہ کوجاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق دونوں فریقین نے مضبوط کاروباری تعلقات کو فروغ دینے اور نئے شعبوں میں باہمی تعاون …
رومانیہ کے سفیر کی کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر سے ملاقات، اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا عزم

مزید خبریں
اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):پاکستان میں رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹونی سکُو نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر محمد ریحان حنیف سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔ہفتہ کوجاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق دونوں فریقین نے مضبوط کاروباری تعلقات کو فروغ دینے اور نئے شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔یہ ملاقات کے سی سی آئی آفس میں ظہرانے کے موقع پر ہوئی جس میں مشترکہ منصوبوں اور دوطرفہ معاشی روابط بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر کے ہمراہ ڈپٹی ہیڈ آف مشن ایڈورڈ پریڈا، ویزا قونصل کرسٹیان کوروما اور قونصل جنرل ایڈریان بھی موجود تھے۔پاکستان رومانیہ بزنس کونسل (پی آر بی سی) کے چیئرمین سہیل شمیم فیرپو اور ایڈوائزر و چیف آپریٹنگ آفیسر عاطف فاروقی سمیت دیگر نمائندے بھی اس موقع پر شریک ہوئے۔سابق صدر کے سی سی آئی اور بزنس مین گروپ (اردو گروپ) کے نائب چیئرمین شمیم احمد فیر پو نے کہا کہ دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے درمیان بڑھتا ہوا رابطہ باہمی تجارت کے فروغ کی جانب مثبت پیش رفت ہے۔انہوں نے چیمبرز اور نجی شعبے کے نمائندوں کے درمیان مسلسل مکالمے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ طویل المدتی اقتصادی تعاون کو ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی سطح پر مستقل روابط سے پائیدار تجارتی و صنعتی شراکت داریوں کو فروغ ملے گا اور نئے تجارتی مواقع تلاش کیے جا سکیں گے۔
صدر ریحان حنیف اور سفیر اسٹونی سکُو نے تجارتی طریقہ کار کو آسان بنانے، تجارتی وفود کے تبادلےاور دونوں ممالک کی مصنوعات و خدمات کو اجاگر کرنے کے لیے نمائشوں کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال کیا۔رومانیہ کے سفیر نے پاکستان کے ساتھ فعال کاروباری تعاون کے ذریعے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ملاقات کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اقتصادی سفارت کاری اور کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست تعاون سے تجارتی حجم میں خاطرخواہ اضافہ ہو سکتا ہے۔
دونوں فریقوں نے مینوفیکچرنگ، توانائی اور سروسز جیسے اہم شعبوں میں مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور شراکت داریوں کے فروغ کے لیے فریم ورک مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات کے اختتام پر یہ طے پایا کہ کراچی چیمبر آف کامرس، رومانیہ کے سفارت خانے اور پاکستان رومانیہ بزنس کونسل کے درمیان باقاعدہ رابطہ برقرار رکھا جائے گا تاکہ مجوزہ اقدامات پر عمل درآمد اور آئندہ روابط کو فروغ دیا جا سکے۔دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ مسلسل تعاون اور بات چیت کے ذریعے پاکستان اور رومانیہ کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔








