اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی سطح پر بچوں کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ ذہنی و جسمانی نشوونما، تحفظ اور تعلیم و تربیت بچوں کے حقوق میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، حکومت تعلیمی ایمرجنسی سمیت بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے آج (جمعرات کو) …
عالمی سطح پر بچوں کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے تعاون کو ناگزیر ہے، حکومت تعلیمی ایمرجنسی سمیت بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بچوں کے عالمی دن پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی سطح پر بچوں کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ ذہنی و جسمانی نشوونما، تحفظ اور تعلیم و تربیت بچوں کے حقوق میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، حکومت تعلیمی ایمرجنسی سمیت بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے آج (جمعرات کو) بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کے عالمی دن پر پاکستان بھرپور انداز میں دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر بچوں کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق اور ان کی تعلیم و تربیت کی اہمیت کو اجاگر کر رہا ہے، رواں سال یہ دن "میرا دن، میرے حقوق” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے جو بچوں کی ملکی، انفرادی اور اجتماعی سطح پر حقوق کی ادائیگی، نشوونما اور زندگی کے مسائل کی اہمیت پر مرکوز ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی ریاست، ملک اور مجموعی طور پر نوع انسانی کا مستقبل بچوں کے بطور نئی نسل تابناک مستقبل سے منسلک ہوتا ہے، اس لیے عالمی سطح پرممالک کے درمیان بچوں کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے مشترکہ تعاون ناگزیر ہے، بچوں کے حقوق میں ذہنی و جسمانی نشوونما، تحفظ اور تعلیم و تربیت کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، ان حقوق کی ادائیگی میں انفرادی اور اجتماعی سطح پر موثر انداز اور جامع حکمت عملی کے تحت کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، بچوں کے خلاف پر تشدد واقعات کے سد باب کے لیے بھی حکومتی اقدامات نہایت اہم ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کے طول و عرض میں ہر ہونہار بچے کے لیے تعلیمی سہولیات میسر کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، اسی تناظر میں دانش سکول کے منصوبہ پر تیز رفتاری سے جاری کام قابل تحسین اور قابل اطمینان ہے، علاوہ ازیں بی آئی ایس پی کے تحت بچوں کی نشوو نما کے لئے مالی معاونت کا جاری پروگرام اور تعلیمی وظائف کا سلسلہ بھی قابل تعریف ہے تاہم بحیثیت مجموعی مزید ہم آہنگی اور موثر حکمت عملی سے کام کرنے کی ضروت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خاندان، معاشرہ اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کی سطح پر بچوں کے حقوق کی پرخلوص ادائیگی سے ہی معاشرے میں مثبت رحجانات جنم لیتے ہیں، بچوں کی بہترین اور عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم و تربیت میں ہی خوشحال اور پرامن مستقبل کی ضمانت پنہاں ہے۔ انہوں نے ہر بچےکوتعلیم کی دستیابی کو یقینی بنانے اور دستیاب تعلیم کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور جدید تکنیکی سہولیات فراہم کرنے کو حکومتی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے حکومت نے ملک میں تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ کر رکھا ہے جس کا مقصد سکول کی تعلیم سے محروم بچوں کے سکول میں داخلے کو یقینی بنانا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کے لئے تعلیمی وظائف، طبی سہولیات کی فراہمی اور ہنر مند بنانے کے مخصوص مراکز کا قیام ہر معاشرے کے بچوں کی بنیادی ضروریات میں شامل ہے، حکومت پاکستان نہ صرف صوبائی حکومتوں کے ساتھ بلکہ عالمی سطح پر بھی بچوں کے لئے بہترین مواقع کی فراہمی کے لئے مشترکہ تعاون کے لئے کوشاں ہے۔








