اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وزیرِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپ سکیلنگ گرین پاکستان پروگرام کے تحت جنگلات کی بحالی، شجرکاری کے فروغ اور ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ وہ جمعرات کو COP30 کے موقع پر وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے زیر اہتمام منعقدہ سائیڈ ایونٹ “Upscaling the Green Pakistan Programme (UGPP): A Success …
پاکستان نے اپ سکیلنگ گرین پاکستان پروگرام کے تحت جنگلات کی بحالی، شجرکاری کے فروغ اور ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، ڈاکٹرمصدق ملک

مزید خبریں
اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وزیرِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپ سکیلنگ گرین پاکستان پروگرام کے تحت جنگلات کی بحالی، شجرکاری کے فروغ اور ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ وہ جمعرات کو COP30 کے موقع پر وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے زیر اہتمام منعقدہ سائیڈ ایونٹ “Upscaling the Green Pakistan Programme (UGPP): A Success Story)” سے خصوصی وڈیو پیغام کے ذریعے خطاب کر رہے تھے۔
تقریب کا مقصد پاکستان کے جنگلاتی تحفظ، بنجر زمینوں کی بحالی، اور شجرکاری کے وسیع منصوبوں سے متعلق پیش رفت کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کرنا تھا۔ ایونٹ میں بین الاقوامی ماہرینِ ماحولیات، ترقیاتی اداروں کے نمائندگان اور عالمی ماحولیاتی تنظیموں کے ارکان نے شرکت کی، جبکہ جنگلاتی بحالی اور موسمیاتی لچک پر ایک خصوصی پینل ڈسکشن بھی منعقد ہوا۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ عالمی سطح پر موسمیاتی مباحثوں کا محور گرین ہاؤس گیسوں میں کمی ہے،
جنہیں بنیادی طور پر کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کے ذریعے ناپا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "حقیقی ضرورت کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی کے ساتھ ایسے قدرتی نظاموں کے فروغ کی ہے جو بڑی مقدار میں کاربن جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ درخت دراصل وہ فیکٹریاں ہیں جو ماحول سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب اور آکسیجن پیدا کرتی ہیں۔وزیرِ موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ درخت نہ صرف اخراج میں کمی (Mitigation) کے لیے ناگزیر ہیں بلکہ موسمیاتی موافقت (Adaptation) کے لیے بھی انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گرین پاکستان پروگرام کے تحت ملک بھر میں بے آباد اور بنجر زمینوں کو اربوں پودے لگا کر دوبارہ آباد کیا گیا ہے۔ اس اقدام نے مقامی برادریوں میں ماحول دوستی کے رجحان کو فروغ دیا ہے اور لوگوں کو جنگلات کے تحفظ میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنایا ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے جنگلات کے ساتھ کھڑے ہیں اور دنیا بھر کے جنگلات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں، کیونکہ یہی ہمارے موسمیاتی مستقبل اور بقا کی ضمانت ہیں۔ایونٹ کے دوران وزارت کی تیار کردہ ایک مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں پروگرام کے تحت شجرکاری، کمیونٹی شمولیت اور ماحول دوست اقدامات کو نمایاں کیا گیا۔








