اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی ) نے پاکستان کے لیے سیکنڈ پاور ٹرانسمیشن سٹریتھننگ پراجیکٹ کے تحت مجموعی طور پر 33 کروڑڈالر کے قرضہ کی منظوری دیدی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق یہ حکومت کی اُن ترجیحی سرمایہ کاریوں میں سے ایک ہے جن کا مقصد قومی ٹرانسمیشن نیٹ ورک کو توسیع دینا اور کم لاگت قابلِ …
اے ڈی بی نے پاکستان کے لیے سیکنڈ پاور ٹرانسمیشن سٹریتھننگ پراجیکٹ کے تحت 33 کروڑڈالر کے قرضہ کی منظوری دیدی

مزید خبریں
اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی ) نے پاکستان کے لیے سیکنڈ پاور ٹرانسمیشن سٹریتھننگ پراجیکٹ کے تحت مجموعی طور پر 33 کروڑڈالر کے قرضہ کی منظوری دیدی ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بنک کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق یہ حکومت کی اُن ترجیحی سرمایہ کاریوں میں سے ایک ہے جن کا مقصد قومی ٹرانسمیشن نیٹ ورک کو توسیع دینا اور کم لاگت قابلِ تجدید توانائی اور پن بجلی کو بڑےمراکز تک پہنچانا ہے۔
منصوبے کے تحت نئی 500 کلو واٹ، تقریباً 290 کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن لائن تعمیر کی جائے گی اور اسلام آباد اور فیصل آباد کو بجلی فراہم کرنے والے اہم گرڈ ز کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جائے گا۔منصوبے سے شمال جنوب پاور کاریڈور میں طویل عرصے سے درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی اوراس کے نتیجہ میں ملک کے شمال میں موجود ہائیڈرو پاور پلانٹس سے 3200 میگاواٹ تک صاف توانائی کی ترسیل ممکن ہو سکے گی۔ منصوبے سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا، توانائی کے تحفظ میں بہتری آئے گی اور پاکستان کی کم لاگت اور پائیدار توانائی کی طرف منتقلی میں مدد ملے گی۔
منصوبہ پاکستان کی بجلی کے شعبے میں وسیع تر اصلاحات میں معاون ثابت ہوگا اور نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ جو پہلے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی تھی ، کی ادارہ جاتی، مالی، عملیاتی اور حکومتی بہتری کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی ،ایشیائی ترقیاتی بنک کے مالیاتی پیکیج میں 285 ملین ڈالر کا قرضہ اس کے معمول کے سرمایہ جاتی ذرائع سے فراہم ہوگا جبکہ 45 ملین ڈالر کا رعایتی قرض بھی شامل ہے،اس سے نیشنل گرڈ کمپنی کو ٹرانسمیشن اثاثوں کو توسیع دینے ، جدید بنانے، ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنانے، مالیاتی نظم و نسق کو بہتر کرنے اور عوامی رابطہ اور صنفی برابری کے اقدامات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
پاکستان کےلئے بنک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے کہا کہ یہ منصوبہ اے ڈی بی اور پاکستان کے درمیان مضبوط شراکت داری اور صاف توانائی کی منتقلی اور انضمام کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ ایک مضبوط اور پائیدار توانائی کے شعبے کے حصول کے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیشن صلاحیت کو بڑھا کر اور کم لاگت ہائیڈرو پاور کی ترسیل کو ممکن بنا کر یہ منصوبہ توانائی کے مجموعے میں صاف توانائی تک رسائی بہتر بنانے، نظام کی لاگت کم کرنے اور پاکستان کی طویل مدتی اور پائیدار اقتصادی ترقی کی حمایت میں اہمیت کا حامل ہے ۔








