نوجوان پاکستان کا مستقبل، دہشت گردی اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مشترکہ جدوجہد ضروری ہے، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل اس کے نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور ہمیں آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ، پرامن اور ترقی یافتہ ملک چھوڑ کر جانا ہے۔ وہ جمعرات کو عالمی یومِ اطفال کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات …

اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل اس کے نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور ہمیں آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ، پرامن اور ترقی یافتہ ملک چھوڑ کر جانا ہے۔ وہ جمعرات کو عالمی یومِ اطفال کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مشکل حالات سے گزر چکا ہے مگر قوم نے ہمیشہ ہمت اور اتحاد سے چیلنجز کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے ملک کے بہتر مستقبل کے لیے سوچنا ہے، دہشت گردی کے خلاف سب نے مل کر لڑنا ہے اور اس ملک کو اس عفریت سے ہمیشہ کے لیے نجات دلانی ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہیں تاہم اس جدوجہد میں معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں نوجوان آبادی کی شرح زیادہ ہے اس لیے بچوں کو تعلیم، صحت اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ریاست کی اولین ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چائلڈ لیبر ملک کا ایک بڑا سماجی مسئلہ ہے جس کے خاتمے کے لیے محض حکومتی اقدامات کافی نہیں، معاشرے کو بھی آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ ہم اپنے بچوں کو ایک محفوظ، روشن اور ترقی کرتا پاکستان دے سکیں۔تقریب میں بچوں کے حقوق سے متعلق سرکاری و نجی اداروں کے نمائندگان، اساتذہ، طلبا اور سماجی کارکنوں نے بھی شرکت کی۔