سنیپ چیٹ نے آسٹریلیا میں سوشل میڈیا پابندی سے قبل صارفین کی عمر کی تصدیق شروع کر دی

سڈنی۔24نومبر (اے پی پی):سوشل میڈیا پلیٹ فارم سنیپ چیٹ نے آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا کے استعمال کی پابندی کے قانون کے نفاذ سے پہلے ہی نوجوان صارفین کی عمر کی تصدیق کا عمل شروع کر دیا ہے ۔اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا 10 دسمبر سے فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور دیگر پلیٹ فارمز کو پابند کرے گا کہ وہ 16 سال …

سڈنی۔24نومبر (اے پی پی):سوشل میڈیا پلیٹ فارم سنیپ چیٹ نے آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا کے استعمال کی پابندی کے قانون کے نفاذ سے پہلے ہی نوجوان صارفین کی عمر کی تصدیق کا عمل شروع کر دیا ہے ۔اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا 10 دسمبر سے فیس بک، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور دیگر پلیٹ فارمز کو پابند کرے گا کہ وہ 16 سال سے کم عمر تمام صارفین کو ہٹا دیں ورنہ انہیں بھاری جرمانے کا سامنا کرنا ہو گا۔

سنیپ چیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس ہفتے سے بہت سے صارفین کو سنیپ چیٹ کا استعمال جاری رکھنے کے لیے اپنی عمر کی تصدیق کرنا ہوگی، صارفین عمر کی تصدیق مختلف طریقوں سے کر سکیں گے جن میں آسٹریلوی بینک اکاؤنٹ کیلئے حکومتی شناختی دستاویز اور چہرے کی تصویر، جس سے ایک تھرڈ پارٹی سسٹم عمر کا تعین کرے گا، شامل ہیں۔10 دسمبر کے بعد 16 سال سے کم عمر کے تمام صارفین کے اکاؤنٹس لاک کر دیے جائیں گے۔سنیپ چیٹ نے دیگر پلیٹ فارمز کی طرح نوجوان صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنا ڈیٹا فوری ڈاؤن لوڈ کر لیں کیونکہ پابندی کے بعد ایسا کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔

سنیپ چیٹ نے قانون سازی پر اختلاف ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ٹین ایجرز کو ان کے دوستوں اور گھر والوں سے الگ کر دینا انہیں محفوظ نہیں بناتا ، اس سے وہ کم محفوظ اور غیر نجی ایپس کی طرف جا سکتے ہیں۔اب تک ڈسکارڈ، واٹس ایپ، لیگو پلے اور پنٹرسٹ سمیت 10 پلیٹ فارمز کو اس قانون سے استثنا حاصل ہے تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر پابندی کی فہرست میں مزید ایپس شامل کی جا سکتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ریگولیٹرز سوشل میڈیا کے خطرات سے نمٹنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، اسی لیے عالمی سطح پر آسٹریلیا کے فیصلے پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن بھی بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی سے متعلق اسی طرح کا قانون لانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ہالینڈ کی حکومت نے بھی والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 15 سال سے کم عمر بچوں کو ٹک ٹاک اور سنیپ چیٹ استعمال نہ کرنے دیں۔