کوالالمپور /اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملائیشیا کی سینیٹ کے صدرِ سینیٹر داتو اوانگ بیمی بن اوانگ علی باسہ سے کوالالمپور میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان پارلیمانی، سفارتی، معاشی، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نومبر میں ملائیشیاء کے پارلیمانی وفد کے دورہ اسلام آباد …
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی ملائیشیا کی سینیٹ کے صدر سے اہم ملاقات، پارلیمانی و سٹریٹجک تعاون کے فروغ پر اتفاق

مزید خبریں
کوالالمپور /اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملائیشیا کی سینیٹ کے صدرِ سینیٹر داتو اوانگ بیمی بن اوانگ علی باسہ سے کوالالمپور میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان پارلیمانی، سفارتی، معاشی، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نومبر میں ملائیشیاء کے پارلیمانی وفد کے دورہ اسلام آباد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملا ئیشیا کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمان کی مضبوط جمہوری روایات کو سراہا اور پارلیمانی قیادت کے مابین روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے دونوں ایوانوں میں ملائیشیا کے لئے پارلیمانی فرینڈشپ گروپس قائم کئے جا چکے ہیں جبکہ ملائیشیا کی جانب سے جنوبی ایشیا کے لئے پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے قیام کا بھی خیرمقدم کرتے ہیں انہوں نے آسیان پارلیمانی اسمبلی (AIPA) میں پاکستان کو مبصر کا درجہ دلانے میں ملائیشیا کی حمایت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان میں حالیہ سیلابوں کے دوران امداد پر حکومتِ ملائیشیا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گزشتہ برس ملائیشیا میں سیلاب کے دوران پاکستان نے بھی امدادی سامان فراہم کیا تھا جو دونوں ممالک کے درمیان باہمی ہمدردی اور تعاون کی عملی مثال ہے۔سیاسی تعاون پر بات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے بدلتے ہوئے عالمی و علاقائی حالات کے تناظر میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ ملائیشیا اور گزشتہ سال ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم کے دورہ پاکستان کو دوطرفہ تعلقات کے لئے انتہائی اہم قرار دیا۔انہوں نے آسیان کی چیئرمین شپ پر ملائیشیا کی قیادت کو سراہتے ہوئے کوالالمپور میں منعقد ہونے والی 47ویں آسیان سمٹ کی کامیابی پر مبارکباد دی اور آسیان کے ساتھ پاکستان کی فل ڈائیلاگ پارٹنر شپ کے حصول کے لئے ملائیشیا کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔اقتصادی تعاون کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں ملائیشین سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے سپیشل اکنامک زونز
اور سپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی ) کے تحت دی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا اور امید ظاہر کی کہ ملائیشین سرمایہ کار ان مواقع سے مزید فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت دنیا بھر میں محنت، دیانتداری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے اور پاکستان ملائیشیا کی افرادی قوت کی ضروریات پوری کرنے کے لئے تیار ہے۔علاقائی امور پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے فلسطینی عوام کے حقوق اورخصوصاً غزہ میں جاری انسانی بحران کے تناظر میں ملائیشیا کے اصولی اور مستقل مؤقف کو سراہا ۔افغانستان کے حوالے سے انہوں نے پاکستان کی پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا حامی ہے تاہم افغان سرزمین پر پاکستان مخالف دہشت گرد گروہوں کی موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور افغان عبوری حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ان عناصر کے خلاف ٹھوس اقدامات کریں۔بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے بھارتی جارحانہ بیانات اور اقدامات کو خطے کے امن کے لئے خطرہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ 2019ء کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی پالیسی جاری ہے جبکہ اپریل 2025ء میں سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو قانونی طور پر بے بنیاد اقدام قرار دیا۔انہوں نے 6 اور 7 مئی 2025ء کو بھارت کی مبینہ جارحیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے آپریشن ”بنیان مرصوص” کے ذریعے اپنی خودمختاری کے دفاع کے عزم کا واضح اظہار کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کم کرانے میں مؤثر کردار ادا کرے۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے علاقائی استحکام اور پرامن بقائے باہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کے لئے ہمیشہ تیار ہے تاہم پاکستان بات چیت اور تعمیری سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے۔







