اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ مقررہ اوقات میں گیس کے پریشر کو بہتر رکھا جائے اور انفرادی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے، صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور کم پریشر سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں وزیراعظم کی ہدایت پر اجلاس کی صدارت …
مقررہ اوقات میں گیس کے پریشر کو بہتر رکھا جائے، علی پرویز ملک

مزید خبریں
اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ مقررہ اوقات میں گیس کے پریشر کو بہتر رکھا جائے اور انفرادی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے، صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور کم پریشر سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں وزیراعظم کی ہدایت پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں موسم سرما کے آغاز کے ساتھ مجموعی گیس فراہمی کی صورتحال اور سوئی گیس کمپنیوں کے شکایات ازالہ کے نظام کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی کے منیجنگ ڈائریکٹرز نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سال گیس کی فراہمی پچھلے سال کے مقابلے میں واضح طور پر بہتر ہے اور گھریلو صارفین کو مجموعی گیس فراہمی میں تقریباً 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں کمپنیاں صارفین کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹا رہی ہیں۔اس موقع پروفاقی وزیر علی پرویز ملک نے بہتر کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ موسم سرما میں عوام کی کھانے پکانے کی ضروریات کو یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مقررہ اوقات میں گیس کے پریشر کو بہتر رکھا جائے اور انفرادی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بریفنگ کے دوران ایم ڈیز نے بتایا کہ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اور 1199 ہیلپ لائن مکمل طور پر فعال ہیں اور دونوں سوئی کمپنیاں شکایات کی تیز نگرانی اور حل کے لیے کنٹرول رومز،سچویشن رومز قائم کر چکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں شکایات کے حل کی مجموعی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائےخاص طور پر کم پریشر سے متعلق شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ایم ڈی ایس ایس جی سی نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ کوئٹہ میں گیس فراہمی کے اوقات کار میں دو گھنٹے اضافہ کیا گیا ہے جس سے مقامی صارفین کو اضافی سہولت ملے گی۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے ہدایت کی کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پورے موسم سرما میں بلا تعطل اور موثر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔








