اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی لائبریری میں کشمیر کارنر قائم کر دیا گیا ، سپیکر سردار ایاز صادق نے پیرکو قومی اسمبلی کی لائبریری میں کشمیر کارنر کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون ، وفاقی وزیرپارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور کشمیری رہنما شریک تھے۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستان کشمیریوں کی …
قومی اسمبلی کی لائبریری میں کشمیر کارنر قائم کر دیا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی لائبریری میں کشمیر کارنر قائم کر دیا گیا ، سپیکر سردار ایاز صادق نے پیرکو قومی اسمبلی کی لائبریری میں کشمیر کارنر کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون ، وفاقی وزیرپارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور کشمیری رہنما شریک تھے۔
اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ، کشمیر کے مسئلہ پر پاکستانی قوم کا موقف یکساں ہے ، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے ۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بھارتی مظالم کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتے ، کشمیر کارنر میں شہدائے کشمیر کی نایاب تصاویر اور جدوجہدِ آزادی کشمیر اور کشمیر کے تاریخی پس منظر پر مشتمل کتب رکھی گئی ہیں،کشمیری جدوجہدِ آزادی سے متعلق تاریخی دستاویزات، کتب اور معلوماتی مواد بھی رکھا گیا ہے ۔
سپیکر نے کہا کہ کشمیر کارنر کا قیام مسئلہ کشمیر کے بارے میں آگاہی اور معلومات کی فراہمی میں اہم پیشرفت ثابت ہوگا۔کشمیر گیلری اراکینِ پارلیمنٹ اور نوجوان نسل کو کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور قربانیوں سے آگاہی کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوگا۔ شرکائے تقریب نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔کشمیری قیادت نے قومی اسمبلی کی جانب سے کشمیر کارنر کے قیام کو سراہا۔
وفاقی وزیر اورچیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ کشمیر کارنر کا قیام احسن اقدام ہے ، کشمیر کارنر کے قیام سے پارلیمنٹیرینز اور محققین کو مستند معلومات تک آسان رسائی حاصل ہوگی،سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کی لائبریریوں میں بھی کشمیر کارنر قائم کئے جائیں گے۔








