چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو تینوں مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر، مسلح افواج کو جنگ کے نئے تقاضوں سے ہم آہنگ رہنا ہوگا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

راولپنڈی۔8دسمبر (اے پی پی):چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو تینوں مسلح افواج کی جانب سے پاک فوج کے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ تقریب میں چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف(نشان امتیاز)، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ …

راولپنڈی۔8دسمبر (اے پی پی):چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو تینوں مسلح افواج کی جانب سے پاک فوج کے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ تقریب میں چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف(نشان امتیاز)، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور تینوں مسلح افواج کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے پوری پاکستانی قوم کے غیر معمولی حوصلے اور عزم بالخصوص ’’معرکہ حق‘‘ کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کے بہادر مردوں اور خواتین کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ’’معرکہ حق‘‘ کے ملٹی ڈومین آپریشنز اب مستقبل کی جنگوں کے لیے ایک نصابی مثال اور کیس سٹڈی کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔انہوں نے ان شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جو ہمیشہ قوم کا فخر رہیں گے۔

تینوں مسلح افواج کے درمیان انضمام اور ہم آہنگی کے لیے ایک باضابطہ انتظام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ مسلح افواج کو جنگ کے ان نئے تقاضوں سے ہم آہنگ رہنا ہوگا جو اب سائبر سپیس، الیکٹرو میگنیٹک سپیکٹرم، خلائی حدود ، انفارمیشن آپریشنز، مصنوعی ذہانت اور کوانٹم کمپیوٹنگ جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی وسیع اقسام تک پھیل چکے ہیں۔

انہوں نے نو تشکیل شدہ سی ڈی ایف ہیڈکوارٹرز کو تاریخی قرار دیا جو مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تینوں مسلح افواج کے مشترکہ پلیٹ فارم کے تحت مطلوبہ انضمام، ربط اور ہم آہنگی فراہم کرے گا۔ اپنے اختتامی کلمات میں انہوں نے مسلح افواج کے لیے اپنے وژن کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک ثقافتی طور پر مستقبل پسند اور ہر دم تیار جنگی قوت بننا ہے جو جارحیت کو روکنے کی صلاحیت رکھتی ہو اور جسے قوم کا مکمل اعتماد حاصل ہو۔تقریب کے اختتام پر پاکستان نیوی اور پاکستان ایئر فورس کے ’’معرکہ حق‘‘ کے غازیوں اور ہیروز کو جنگ کے دوران ان کی شجاعت اور بہادری کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔

مزید خبریں