وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے امریکی بیورو آف ایجوکیشنل اینڈ کلچرل افیئرز اور ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز پر مشتمل وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شز ہ فاطمہ خواجہ سے امریکی بیورو آف ایجوکیشنل اینڈ کلچرل افیئرز (ای سی اے) اور ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز (ایس سی اے) پر مشتمل ایک وفد نے ملاقات کی جس میں پاکستان کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی میں امریکی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ڈیجیٹل لٹریسی، تکنیکی مہارتوں، نوجوانوں …

اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شز ہ فاطمہ خواجہ سے امریکی بیورو آف ایجوکیشنل اینڈ کلچرل افیئرز (ای سی اے) اور ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز (ایس سی اے) پر مشتمل ایک وفد نے ملاقات کی جس میں پاکستان کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی میں امریکی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں ڈیجیٹل لٹریسی، تکنیکی مہارتوں، نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافے اور پاکستان کے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں مجموعی ہیومن کیپٹل کی ترقی پر تعاون پر گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے وفد کو آگاہ کیا کہ وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کے ذریعے بڑے پیمانے پر مستقبل پر مبنی سکل ڈویلپمنٹ پروگرامز شروع کر رہی ہے تاکہ پاکستانی نوجوانوں کو جدید ترین عالمی ٹیکنالوجی مارکیٹس کیلئے تیار کیا جا سکے۔ ان پروگرامز میں فائیو جی ٹیکنالوجیز، کلاوڈ انفراسٹرکچر، سائبر سکیورٹی، ڈیٹا اینالیٹکس اور فل سٹیک پروگرامنگ کی ہائی اینڈ تربیت شامل ہے جو عالمی صنعتی معیارات کے مطابق ہے جبکہ ویب انجینئرنگ، کلاوڈ انفراسٹرکچر اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں خصوصی سرٹیفکیشن ٹریکس بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اگنائٹ کے تحت DigiSkills پروگرام کے ذریعے اب تک 48 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد کو فری لانسنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس اور اے آئی سمیت جدید ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت دی جا چکی ہےجس سے نوجوانوں کے روزگار کے مواقع بڑھے اور Fiverr اور Upwork جیسے عالمی آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے امریکہ اور پاکستان کے درمیان معاشی روابط مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگنائٹ کا “Code4AI” پروگرام 7,500 سے زائد نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس، بلاک چین اور کوانٹم کمپیوٹنگ میں تربیت دے گا جس سے امریکی کمپنیوں کو پاکستان سے ریموٹ ہائرنگ کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ اگنائٹ باقاعدگی سے نیشنل سائبر سکیورٹی ہیکاتھونز منعقد کر رہا ہے جن میں ہزاروں طلبہ اور نوجوان پروفیشنلز اخلاقی ہیکنگ، محفوظ کوڈنگ اور سائبر ڈیفنس کے مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں، اور انہوں نے ان سرگرمیوں میں ای سی اے کے ساتھ بین الاقوامی مقابلوں، مینٹورشپ اور استعداد سازی کے حوالے سے تعاون کی تجویز دی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگنائٹ نے سینٹر آف ایکسی لینس فار گیمنگ اینڈ اینیمیشن (CEGA) بھی قائم کیا ہے، جہاں اینیمیشن، گیمنگ، AR/VR اور ڈیجیٹل کونٹینٹ کری ایشن میں مہارتیں تیار کی جا رہی ہیں، اور اس ضمن میں امریکی اداروں کے ساتھ مشترکہ تربیتی پروگرامز اور ٹرینر ایکسچینج کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

اس کے علاوہ اگنائٹ کے 8 نیشنل انکیوبیشن سینٹرزکے تحت اب تک 2,100 سے زائد سٹارٹ اپس کی معاونت کی گئی ہے جنہوں نے 33 ارب روپے سے زائد ریونیو پیدا کیا، 32 ارب روپے سے زائد سرمایہ کاری حاصل کی اور ایک لاکھ 85 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع فراہم کئے۔امریکی وفد نے وفاقی وزیر کو فل برائٹ، IVLP، PFP، YES، TechWomen، TechGirls اور English Access & Virtual Exchange پروگرامز کے بارے میں بریفنگ دی، جو تعلیم، قیادت اور جدت کے فروغ کیلئے کام کر رہے ہیں۔ دونوں فریقین نے امریکہ کی جامعات کے ساتھ یونیورسٹی شراکت داریوں کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، جس کے تحت امریکی پروفیسرز پاکستانی طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت فراہم کریں گے تاکہ تعلیمی تعاون، ٹیلنٹ کی تیاری اور پائیدار ڈیجیٹل ترقی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

مزید خبریں