کوالالمپور۔9دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات مشترکہ اقدار، مذہبی ہم آہنگی اور ثقافتی قربت کے ساتھ ساتھ علاقائی خوشحالی اور ترقی کے مشترکہ وژن پر استوار ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے ملائیشیا کے سینیٹ کے صدر سینیٹر داتو آوانگ بیمی بن آوانگ علی باسہ اور ایوانِ نمائندگان کے سپیکر تان سری داتو ڈاکٹر جوہری بن عبدل سے علیحدہ علیحدہ …
پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات مشترکہ اقدار، مذہبی ہم آہنگی اور ثقافتی قربت کے ساتھ ساتھ علاقائی خوشحالی و ترقی کے مشترکہ وژن پر استوار ہیں، سید یوسف رضا گیلانی

مزید خبریں
کوالالمپور۔9دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات مشترکہ اقدار، مذہبی ہم آہنگی اور ثقافتی قربت کے ساتھ ساتھ علاقائی خوشحالی اور ترقی کے مشترکہ وژن پر استوار ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے ملائیشیا کے سینیٹ کے صدر سینیٹر داتو آوانگ بیمی بن آوانگ علی باسہ اور ایوانِ نمائندگان کے سپیکر تان سری داتو ڈاکٹر جوہری بن عبدل سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران چیئرمین سینیٹ نے دونوں پارلیمانوں کی مضبوط جمہوری روایات کو اجاگر کرتے ہوئے پارلیمانی قیادت کے مابین روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ملائیشیا کے لئے دونوں ایوانوں میں پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کو نوٹیفائی کیا جا چکا ہے اور جنوبی ایشیا کے لئے ملائیشیا کی جانب سے پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے قیام کا خیرمقدم کیا جس سے دوطرفہ تبادلے مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے نومبر میں ملائیشیا کے پارلیمانی وفد کے اسلام آباد کے دورے پر شکریہ ادا کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے آسیان انٹر پارلیمانی اسمبلی (AIPA) میں پاکستان کو مبصر کا درجہ دینے پر ملائیشیا کی پارلیمان کی حمایت اور پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے ملائیشیا کی حکومت کی فراخدلانہ امداد پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے حالیہ اعلیٰ سطحی روابط کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے تبادلے دوطرفہ تعلقات میں نئی روح پھونکنے کا باعث بنتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے آسیان کی مؤثر چیئرمین شپ پر ملائیشیا کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اکتوبر میں کوالالمپور میں منعقد ہونے والی 47ویں آسیان سربراہی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر ملائیشیائی قیادت کو مبارکباد دی۔
معاشی شعبے میں چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں ملائیشیا کی سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کی افرادی قوت کی ضروریات پوری کرنے کے لئے پُرعزم ہے اور پاکستانی محنت کش عالمی سطح پر اپنی محنت اور دیانت داری کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔علاقائی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے فلسطینی عوام کے حقوق بالخصوص غزہ میں جاری انسانی بحران کے تناظر میں ملائیشیا کی اصولی اور مستقل حمایت کو سراہا۔
افغانستان کے حوالے سے انہوں نے امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے پاکستان کے موقف کو اجاگر کیا۔ بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کی صورتِحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کے جارحانہ بیانات اور اقدامات علاقائی امن کے لئے خطرہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار مسئلہ جموں و کشمیر کے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل پر ہے۔
ملائیشیا کی پارلیمانی قیادت نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مزید فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ اس سے قبل چیئرمین سینیٹ نے کوالالمپور میں منعقد ہونے والے تیسرے گلوبل مسلم بزنس فورم (جی ایم بی ایف ) سے خطاب کیا۔ چیئرمین سید یوسف رضاگیلانی نے عالمِ اسلام میں گہرے معاشی تعاون، جدت اور اتحاد کی ضرورت اور مشترکہ معاشی حکمتِ عملی اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے مسلم ممالک کی اقتصادی صلاحیت مضبوط بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے اسلامی فنانس، فن ٹیک اور پائیدار سرمایہ کاری کی اہمیت کو اقتصادی ترقی کا اہم ذریعہ قرار دیا۔چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں نوجوان آبادی، بڑھتے ہوئے صارفین کے بازار اور فروغ پاتے ہوئے جدت طرازی کے نظام سے پیدا ہونے والے نئے مواقع کو بھی اجاگر کیا اور ملائیشیا کے سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کو سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔








