ایس ای سی پی نے عوام کو لائسنس یافتہ بروکرز کے نام پر دھوکہ دینے والے جعلی ٹریڈنگ پلیٹ فارمز سے خبردار کر دیا

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ایک بار پھر عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر لائسنس یافتہ آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارمز، ویب سائٹس اور موبائل ایپس سے دور رہیں۔منگل کو سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ پلیٹ فارم سٹاک یا دیگر مالیاتی مصنوعات میں بہت زیادہ منافع کا لالچ دے کر …

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ایک بار پھر عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر لائسنس یافتہ آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارمز، ویب سائٹس اور موبائل ایپس سے دور رہیں۔منگل کو سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ پلیٹ فارم سٹاک یا دیگر مالیاتی مصنوعات میں بہت زیادہ منافع کا لالچ دے کر لوگوں کو دھوکہ دیتے ہیں، چاہے وہ مقامی ہوں یا بین الاقوامی مارکیٹس میں۔یہ غیر قانونی پلیٹ فارمز سوشل میڈیا پر خود کو بڑے پیمانے پر فروغ دیتے ہیں اور عوام کو یقینی اور بغیر کسی رسک کے منافع کا جھانسہ دیتے ہیں۔ یہ جعلی یا غیر تصدیق شدہ ایپس اور لنکس استعمال کرتے ہیں جو اصل ٹریڈنگ پلیٹ فارمز کی نقالی ہوتے ہیں۔ اکثر یہ لائسنس یافتہ سکیورٹیز اور کمیڈیٹی بروکرز، معتبر اداروں، پیشہ ور افراد، فِن فلوئنسرز، سرکاری افسران اور حتیٰ کہ ریگولیٹری اداروں کے نام اور شناخت بھی غلط طریقے سے استعمال کرتے ہیں۔

یہ پلیٹ فارمز مفت سرمایہ کاری مشوروں، رہنمائی یا ٹپس کے نام پر خود کو ماہرین ظاہر کرتے ہیں اور ’’یقینی منافع‘‘ دلانے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ جعلی ڈیش بورڈز بنا کر فرضی بیلنس اور منافع دکھاتے ہیں، حالانکہ اصل میں کوئی ٹریڈنگ نہیں ہو رہی ہوتی۔ ابتدا میں یہ اعتماد حاصل کرنے کے لئے تھوڑی رقم نکالنے کی اجازت دیتے ہیں، پھر مزید سرمایہ لگانے کا کہتے ہیں اور آخر میں واپسی کا مطالبہ کرنے پر اکاؤنٹ بلاک کر دیتے ہیں۔عوام کو تنبیہ کی جاتی ہے کہ پاکستان میں سکیورٹیز اور کمیڈیٹی ٹریڈنگ صرف ایس ای سی پی سے لائسنس یافتہ سکیورٹیز بروکرز اور فیوچر مارکیٹ بروکرز کے ذریعے ہی کی جا سکتی ہے۔ مجاز بروکرز کی فہرستیں ایس ای سی پی ، پاکستان سٹاک ایکسچینج اور پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کی سرکاری ویب سائٹس پر دستیاب ہیں۔عوام کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ غیر لائسنس یافتہ افراد یا کمپنیوں کو کسی بھی قسم کی رقم جمع نہ کروائیں اور نہ ہی ان کے فراہم کردہ غیر مجاز ٹریڈنگ

مشاورت یا سرمایہ کاری کے کاموں میں پیسے لگائیں۔ سرمایہ کار ہمیشہ کسی بھی پلیٹ فارم یا شخص کی سچائی ایس ای سی پی کے سرکاری ذرائع اور لائسنس یافتہ سکیورٹیز اور کمیڈیٹی بروکرز کی سرکاری ویب سائٹس پر دی گئی رابطے کی تفصیلات سے ضرور چیک کریں۔مزید یہ کہ عوام کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ سوشل میڈیا یا میسجنگ ایپس پر نامعلوم افراد کے ساتھ اپنی ذاتی یا مالی معلومات ہرگز شیئر نہ کریں کیونکہ اس سے مالی فراڈ، شناخت چوری اور سنگین مالی نقصان ہو سکتا ہے۔

 

مزید خبریں