لاہور۔26دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی مضبوط معیشت ہی ملکی اقتصادی استحکام کی بنیاد ہے،حکومت برآمدات کے فروغ و برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے،ملکی ترقی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کا کردار ناقابل فراموش ہے ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں سفارتی سطح پر پاکستان کو بہت کامیابیاں ملی …
حکومت تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کےلئے پرعزم ہے، سفارتی سطح پر پاکستان کو بہت کامیابیاں ملی ہیں ، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

مزید خبریں
لاہور۔26دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی مضبوط معیشت ہی ملکی اقتصادی استحکام کی بنیاد ہے،حکومت برآمدات کے فروغ و برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے،ملکی ترقی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کا کردار ناقابل فراموش ہے ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں سفارتی سطح پر پاکستان کو بہت کامیابیاں ملی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کولاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایل سی سی آئی ) میں منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر صدر لاہور ایوان صنعت و تجارت فہیم الرحمن سہگل ،ممبران سمیت دیگر بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ میں اپنی خواہش پر آپ لوگوں سے ملنے یہاں آیا ہوں ،ملکی برآمدات کے فروغ کے لیے حکومت اور تاجر برادری کو مل بیٹھ کر لائحہ عمل ترتیب دینے کی ضرورت ہے کیونکہ برآمدات پر مبنی مضبوط معیشت ہی ملک کے اقتصادی استحکام کی بنیاد ہے،ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانا ہو گا، برآمدات بڑھیں گی تو کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم ہو گا۔رانا تنویر حسین نے کہاکہ حکومت کو تاجر برادری کو درپیش مسائل کا ادراک ہے،حکومت تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ماضی میں بھی پیش پیش تھی اور اب بھی ہے ،حکومت نے مشکلات کے باوجود سہولیات فراہم کی ہیں،برآمدی کپاس میں ٹیکس کو کم کیا ہے، مزید کم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے 2 سال میں بزنس کمیونٹی سے جتنی میٹنگز کی ہیں ،اتنی پہلے کسی نے نہیں کیں ،ہم بزنس دوست اورجی ڈی پی میں اضافہ چاہتے ہیں ،ٹیکسٹائل والوں کو ہر دفعہ پیکج دے دیتے ہیں لیکن وہ اپنی برآمدات نہیں بڑھاتے،پچاس پچاس ارب روپے تک کا پیکج دیا گیا،لیکن ان کی پیداوار نہیں بڑھی، شرح سود کو بھی کم کیا گیا لیکن مطلوبہ نتائج نہیں ملے ،پالیسی ریٹ کو کم کیا گیا ہے،امید ہے یہ ریٹ سنگل عدد میں آجائے گا،ہم میں بہت زیادہ صلاحیت ہے جسے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے برآمدات کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ برآمدات اور عالمی منڈیوں تک رسائی کو بڑھانا ضروری ہے۔
انہوں نے مقامی صنعت اور کسانوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ عالمی مقابلے میں معیار اور پیداوار بہتر ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک زراعت کا 60فیصد اوراس کی برآمدات ہورہی ہیں، کوالٹی بڑھا کر ہمیں اس میں مزید اضافہ کرنا ہے،حلال فوڈ کی دنیا کی بڑی مارکیٹ ہے،غیر مسلم ملک حلال فوڈ بڑی مقدار میں برآمد کررہے ہیں،ہمیں بھی اس پر توجہ دینا ہے،اس حوالے سے کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ بیجوں پر بہت توجہ دی ہے،کسانوں کو تصدیق شدہ بیج فراہم کریں گے،کھادوں کو یکساں قیمتوں پر رکھا اور سپلائی بھی بلا تعطل ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہر شعبے میں اصلاحات جاری ہیں،بیرون ملک سفیروں سے بھی کہا ہے کہ وہ پاکستانی برآمدات کے لئے کام کریں،وزیراعظم محمد شہباز شریف کا بھی یہی پیغام ہے کہ برآمدات میں اضافہ کریں۔انہوں نے کہاکہ اوور سیز پاکستانیوں کا ملکی معیشت کی بہتری میں کردار ناقابل فراموش ہے ، حکومت برآمدات کے فروغ کے لیے دن رات کوشاں ہے، کوشش کر رہے ہیں کہ ایڈیبل، گوشت، لائیو سٹاک، چاول و دیگر اجناس کی بیرونی منڈیوں میں مانگ ہے، ان کی برآمدات کو بڑھایا جائے ،اس سلسلہ میں ایران کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں ،ایران کو3 لاکھ ٹن چاول برآمد کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ زیتون اورفش بہت بڑا سیکٹر ہے، پاکستان کو برآمدات، خاص طور پر افریقی اور دیگر ابھرتی ہوئی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ تجارتی حجم میں اضافہ ہو۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے پالیسیوں کا تسلسل بھی بہت ضروری ہے ،ماضی میں بدقسمتی سے اس کا فقدان رہا ،سیاسی حکومتوں کی بار بار تبدیلی کی وجہ معاشی شعبےپیچھے رہ گئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے سفارتی سطح پر پاکستان کو بہت کامیابیاں ملی ہیں،آنے والے دنوں میں ملک مزید ترقی کرے گا۔اس موقع پر صدر لاہور ایوان صنعت و تجارت و دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جو برآمدات کا ہدف مقرر کیا ہے،بزنس کمیونٹی اس کو حاصل کرنے کے لئے حکومت کا ساتھ دے گی ۔








