سمیڈا نئے سال کے دوران فنانس تک رسائی، رسمی، ڈیجیٹل تربیت اور برآمدی تیاری کو فروغ دے کر ایس ایم ای ایکو سسٹم کو مضبوط بنائے گی، ترجمان

لاہور۔2جنوری (اے پی پی):سمیڈا نے وزارت صنعت و پیداوار کی رہنمائی میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق مالیاتی فرق کو پُر کرنے، برآمدات کی تیاری کو فروغ دینے، خواتین کی انٹرپرینیورشپ کو ممکن بنانے کے لیے جو پالیسی اقدامات کیے ہیں ان کے اثرات نئے سال کے دوران نظر آنے لگیں گے۔ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سمیڈا) نئے سال کے دوران فنانس تک رسائی، رسمی، …

لاہور۔2جنوری (اے پی پی):سمیڈا نے وزارت صنعت و پیداوار کی رہنمائی میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق مالیاتی فرق کو پُر کرنے، برآمدات کی تیاری کو فروغ دینے، خواتین کی انٹرپرینیورشپ کو ممکن بنانے کے لیے جو پالیسی اقدامات کیے ہیں ان کے اثرات نئے سال کے دوران نظر آنے لگیں گے۔

سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سمیڈا) نئے سال کے دوران فنانس تک رسائی، رسمی، ڈیجیٹل تربیت اور برآمدی تیاری کو فروغ دے کر ایس ایم ای ایکو سسٹم کو مضبوط بنائے گی۔ترجمان کے مطابق گزرنے والا سال ادارہ جاتی اصلاحات اور بین الاقومی اہداف کے حصول میں کامیاب رہا جن کا مقصد ایس ایم ایز، خاص طور پر خواتین تاجروں اور سٹارٹ اپس کے لیے سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنا تھا۔ سمیڈا نئے شروع ہونے والے سال میں اپنی سرگرمیوں کو بڑھا کر ایس ایم ایز کو مزید بااختیار بنانے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مالیاتی خواندگی تک رسائی میں کاروباری اداروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے سمیڈا نے گزشتہ برس کے دوران مائیکرو فنانس اداروں جیسے اخوت، پاکستان مائیکرو فنانس نیٹ ورک اور موبی لنک مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈکے ساتھ شراکت داری قائم کی۔

اس کے علاوہ برآمدات کو فروغ دینے کے لیے سمیڈا نے پی آئی ٹی بی کے تعاون سے حال ہی میں ایس ایم ای سرٹیفیکیشن اور انٹرنیشنل ایکریڈیٹیشن گرانٹ پروگرام کا آغاز کیا ہے جبکہ گزشتہ سال میں سمیڈا نے ایس ایم ایز کے لیے ڈیٹا شیئرنگ اور شواہد پر مبنی منصوبہ بندی کو بڑھانے کے لیے پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس کے ساتھ ایک ایم او یو پر بھی دستخط کیے اور گزشتہ سال کے دوران اہم بین الاقوامی پلیٹ فارمز میں شرکت کے ذریعے سمیڈا نے بین الاقوامی مارکیٹ سے نیٹ ورکنگ کو بھی فروغ دیا۔

اس ضمن میں ڈی-8 کانفرنس کی میزبانی نمایا ں کامیابی تھی جس سے آذربائیجان، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا، نائیجیریا، پاکستان اور ترکی کے ساتھ نیٹ ورک کو فروغ ملا آذربائیجان، بیلاروس، ازبکستان اور سعودی عرب کے ساتھ ایس ایم ایز کی ترقی کے ایم او یوز بھی گزشتہ برس کی کامیابیوں کا حصہ تھے۔