لاہور۔3جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ انجینئرز کا ملکی ترقی میں کلیدی کردار ہے،ملکی معیشت درست سمت گامزن ہو چکی، 2035 تک ملک کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنائیں گے،حکومت نوجوان انجنیئرز کو برسر روزگار کرنے کیلئے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے جارہی ہے، ہر شعبہ زندگی میں تحقیق اور جدت کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ان خیالات کا …
ملکی ترقی میں انجینئرز کا کلیدی کردار،معرکہ حق کے بعد معرکہ ترقی میں بھی کامیابی حاصل کریں گے،احسن اقبال

مزید خبریں
لاہور۔3جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ انجینئرز کا ملکی ترقی میں کلیدی کردار ہے،ملکی معیشت درست سمت گامزن ہو چکی، 2035 تک ملک کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنائیں گے،حکومت نوجوان انجنیئرز کو برسر روزگار کرنے کیلئے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے جارہی ہے، ہر شعبہ زندگی میں تحقیق اور جدت کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی)لاہور کی سالانہ ایلومنائی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر،چیئرمین پنجاب ہائر ایجو کمیشن اقرار احمد خان، ڈائریکٹر ایلومینائی احمد نوید ،مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز، ڈینز،ڈائریکٹرز، شعبہ جاتی سربراہان،فیکلٹی ممبران،کینیڈا، امریکہ، سعودی عرب، دبئی، برطانیہ اور دیگر ممالک سے بڑی تعداد میں یو ای ٹی ایلومنائی اور ملک بھر سے بھی سابق طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یو ای ٹی کے ایلومنائی کی حیثیت سے اپنی مادرِ علمی میں آ کر خطاب کرنے پر فخر محسوس ہو رہا ہے،یہ میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے کہ مجھے اپنے مادر علمی میں خطاب کرنے کا موقع ملا، میں بھی یو ای ٹی کا گریجویٹ ہوں،میں نے اس جامعہ سے بہت کچھ سیکھا،اپنے دور طالب علمی کے یاداشت شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سٹوڈنٹس یونین کا صدر رہاہوں ،ہم نے اس وقت بھی طلبہ کے لیے بے شمارخدمات سر انجام دیں ،ہفتہ طلبہ شروع اور کانووکیشن کا دوبارہ آغاز کروایا، یہ یو ای ٹی کی برکت ہے کہ جہاں میں نے ٹیکنکل تعلیم حاصل کی، وہیں قائدانہ صلاحیت بھی حاصل کی ، آج یہ اس کی ہی برکت ہے کہ مجھے ملک کی خدمت کرنے کا موقع ملا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ا نجینئرز ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، انجینئرز کی خدمات کو بروئے کار لائے بغیر پائیدار ترقی کا تصور ممکن نہیں،انجینئرز انفراسٹرکچر کی تعمیر، صنعت ترقی، توانائی منصوبوں، مواصلاتی نظام، ٹیکنالوجی اور جدت کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہیں، سڑکیں، پل، ڈیم، بجلی کے نظام، فیکٹریاں، آئی ٹی اور ڈیجیٹل حل انجینئرز کی مہارت کا مرہون منت ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کے لیے جدید انجینئرنگ، تحقیق اور جدت کو فروغ دینا ناگزیر ہے، کسی بھی ملک کی ترقی کا دار و مدار معیاری تعلیم، تحقیق، سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ پر ہوتا ہے اور یو ای ٹی جیسے ادارے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔احسن اقبال نے ملکی ترقی کے حوالے سے اپنے ویژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے علم پر مبنی معیشت کی طرف جانا ہوگا،نوجوان انجینئرز اور ایلومنائی پر زور دیا کہ وہ تحقیق، جدت اور صنعتی ترقی میں فعال کردار ادا کریں تاکہ پاکستان عالمی سطح پر مقابلہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اعلی تعلیمی اداروں کو قومی ترقی کا مرکز بنایا جا رہا ہے،حکومت نوجوان انجینئرز کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم، تحقیق اور ہنرمندی کے مواقع فراہم کر رہی ہے تاکہ ملک میں پائیدار ترقی، صنعتی خود کفالت اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کو فروغ دیا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یو ای ٹی سے فارغ التحصیل طلبہ دنیا بھر میں اپنا شاندار کردار ادا کر رہے ہیں ،حکومت نوجوان انجنیئرز کو برسر روزگار کرنے کیلئے رواں سال انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے جا رہی ہے،ہماری وزارت نے اس پروگرام کامنصوبہ مکمل کیا ہے،جس طرح میڈیکل کالج سے فارغ ڈاکٹرز کیلئے ہائوس جاب لازمی ہوتی ہے ،اسی طرح اس پروگرام کے تحت ملک میں جاری ترقیاتی کاموں میں انجینئرز کیلئے ایک سال انٹر ن شپ لازمی کیا جائے گااور ان کو وظیفہ بھی ملے گا، اس سے نئے انجینئرز کو تجربہ کا حصول ممکن ہو گا ،وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جلد اس پروگرام کو کو لانچ کیا جائے گا ۔
احسن اقبال نے اساتذہ اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ تحقیق کو عملی مسائل کے حل سے جوڑیں اور قومی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کریں کیونکہ آج جو سٹوڈنٹس ہیں وہ کل ملک کے معمار ثابت ہوں گے۔انہوں نے یو ای ٹی کے تعلیمی و تحقیقی کردار کو سراہتے ہوئے ادارے کے لیے حکومتی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔انہو ں نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں مصنوعی ذہانت کے بعد بہت سی تبدیلیاں آئی ہیں ،دنیا انوویشن کے انقلاب میں شامل ہو چکی ہے، وقت کی ضرورت ہے کہ یو ای ٹی سمیت ہر یونیورسٹیز کی ہرلیب کو انڈسٹری سے لنک ہونا ہو گا تاکہ انٹرپرائز ایکو سسٹم کو فروغ دیا جا سکے ،جس سے ہمیں تجربہ کار دماغ میسر آئیں گے۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہےاورمہنگائی میں واضح کمی ہوچکی ہے ،زرمبادلہ اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گیا ہے،ہمیں 2035 تک ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بننا ہے جس کے لیے ہمیں بحیثیت قوم اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے اپنے خطاب میں ایلومنائی ری یونین کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس تقریب کو یونیورسٹی اور سابق طلبہ کے مابین مضبوط تعلقات کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا۔اس موقع پر وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے ادارے کی مجموعی کارکردگی، تعلیمی معیار، تحقیقی منصوبوں اور مستقبل کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وائس چانسلر نے کہاکہ یو ای ٹی عالمی معیار کی انجینئرنگ تعلیم فراہم کر رہا ہے،ایلومنائی تعاون سے یو ای ٹی کی ترقی کو فروغ ملے گا۔ایلومنائی اور طلبہ کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یو ای ٹی ایلومنائی کی تعلیمی سرگرمیوں کے لیے مالی معاونت بہت اہمیت کی حامل ہے، 75 ہزار سے زائد یو ای ٹی ایلومینائی ہمارے ایمبیسڈر اور روشن ستارے ہیں ،ایلومینائی مستحق افراد کے لیے دن رات مالی امداد فراہم کر رہے ہیں ،ان کے تعاون سے رواں سال مستحق طلبہ میں 80 کروڑ کے سکالر شپ دیئے جائیں گے۔
قبل ازیں ایلومنائی نے اپنی مادرِ علمی سے وابستہ یادیں تازہ کیں اور اپنے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کا دورہ کیا۔ بعد ازاں یونیورسٹی کے لیے نمایاں خدمات سر انجام دینے اور ڈونیشنز فراہم کرنے والے ایلومنائی کو خصوصی شیلڈز سے نوازا گیا۔اس موقع پر یو ای ٹی میوزک سوسائٹی نے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا۔








