بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن ہے،چیئرپرسن بی آئی ایس پی

کراچی۔ 08 جنوری (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کراچی میں ٹائون میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) سہراب گوٹھ کا دورہ کیا،جہاں چیئرمین ٹی ایم سی سہراب گوٹھ، لالہ رحیم اور ان کی ٹیم نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا خیرمقدم کیا۔ جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ …

کراچی۔ 08 جنوری (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کراچی میں ٹائون میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) سہراب گوٹھ کا دورہ کیا،جہاں چیئرمین ٹی ایم سی سہراب گوٹھ، لالہ رحیم اور ان کی ٹیم نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا خیرمقدم کیا۔ جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن ہے، جس کا مقصد ملک کے محروم اور مستحق طبقات بالخصوص خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے 2008میں اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس سے مستفید ہونے والی خاتون کو گھر کی سربراہ تسلیم کیا گیا، جو دنیا میں اپنی نوعیت کی ایک منفرد مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی میں شناختی کارڈ کی شرط رکھنے سے کروڑوں خواتین کو نہ صرف قومی شناخت ملی بلکہ معاشی خودمختاری اور سیاسی عمل میں بطور ووٹر موثر شہری کا وقار بھی حاصل ہوا۔

سینیٹر روبینہ خالد نے واضح کیا کہ بی آئی ایس پی ایک غیر جماعتی پروگرام ہے، جو نسل، زبان اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ہر مستحق خاندان کے لیے ہے۔ آج 17 سال بعد یہ پروگرام ایک مضبوط اور موثر نظام کی صورت میں موجود ہے اور اس وقت ایک کروڑ سے زائد خاندان اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ کوئی بھی مستحق خاتون بی آئی ایس پی کے دفتر جا کر شناختی کارڈ، بجلی کا بل، بچوں کا ب فارم اور اسکول سرٹیفکیٹس کے ساتھ اپنی رجسٹریشن کروا سکتی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ بی آئی ایس پی کی تمام خدمات مکمل طور پر مفت ہیں اور کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جاتی، اگر کوئی شخص بی آئی ایس پی کے نام پر پیسوں کا مطالبہ کرے تو اس کی فوری طور پر رپورٹ کی جائے۔سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی کے تحت بینظیر ہنرمند پروگرام کا آغاز کیا جا چکا ہے، جس کا مقصد صرف مالی امداد نہیں بلکہ لوگوں کی زندگیوں میں حقیقی بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینیفیشریز کے بچوں یا خاندان کے وہ افراد جو ہنر سیکھنا چاہتے ہیں، ان کی رجسٹریشن جاری ہے۔ ہنر سیکھ کر نوجوان باعزت روزگار حاصل کر سکیں گے اور خود کفیل بنیں گے جبکہ کوشش کی جا رہی ہے کہ تربیت یافتہ افراد کو بیرونِ ملک روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں۔

انہوںنے کہا کہ بی آئی ایس پی کے ادائیگی نظام میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے اور اسے مزید جدید اور شفاف بنایا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں سوشل پروٹیکشن والٹ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جو موبائل فون اکائونٹ کی طرز پر کام کرے گا۔ ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے بینک ایجنٹس سے متعلق شکایات کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل والٹ کے لیے سم بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے، اس پر کسی قسم کے چارجز نہیں ہیں اور یہ سہولت صرف بی آئی ایس پی کے دفاتر اور کیمپ سائٹس پر دستیاب ہے۔ اگر کوئی دکاندار سم دینے کے بدلے پیسے مانگے تو فورا اس کی شکایت کی جائے کیونکہ یہ غیر قانونی عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سم محض سم نہیں بلکہ خواتین کا بٹوا (والٹ) ہے، اس کی حفاظت بے حد ضروری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شرکت کے لئے کوئی فارم نہیں ہوتے۔ بی آئی ایس پی میں رجسٹریشن کیلئے ڈائنامک رجسٹری کا نظام موجود ہے۔ شکایات کے اندراج کے لیے بی آئی ایس پی ہیلپ لائن نمبر 080026477 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اگر ہیلپ لائن پر رابطہ ممکن نہ ہو تو قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رجوع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 8171 بی آئی ایس پی کا واحد سرکاری نمبر ہے، اس کے علاوہ کسی دوسرے نمبر سے آنے والا پیغام جعلی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دور دراز علاقوں میں رجسٹریشن کے لیے موبائل رجسٹریشن وینز بھی دستیاب ہیں، اگر کسی علاقے میں مناسب تعداد میں لوگ جمع ہو جائیں تو ایک دن مقرر کیا جا سکتا ہے اور رجسٹریشن کسی سرکاری ڈسپنسری یا مناسب عوامی مقام پر کی جاسکتی ہے۔ تقریب کے اختتام پرسینیٹر روبینہ خالد نے شرکا ء کے ہمراہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔

 

مزید خبریں