اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):کیپیٹل پولیس کالج پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے جس میں سال 25-2024 کے دوران 272 افسران نے مختلف کورسز مکمل کیے جبکہ سال 2025ءمیں مزید 82 افسران نے خصوصی تربیتی کورسز میں حصہ لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق اسلام آباد پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت، نظم و ضبط اور مئو ثر کارکردگی کی بنیاد جامع اور معیاری تربیت پر …
کیپیٹل پولیس کالج میں1981ءسے 2025ءتک مختلف کورسز کے ذریعے مجموعی طور پر 21,548 پولیس افسران نے تربیت حاصل کی،کالج میں سال 25-2024 کے دوران 272 افسران نے مختلف کورسز مکمل کیے

مزید خبریں
اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):کیپیٹل پولیس کالج پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے جس میں سال 25-2024 کے دوران 272 افسران نے مختلف کورسز مکمل کیے جبکہ سال 2025ءمیں مزید 82 افسران نے خصوصی تربیتی کورسز میں حصہ لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق اسلام آباد پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت، نظم و ضبط اور مئو ثر کارکردگی کی بنیاد جامع اور معیاری تربیت پر ہے اور اس مقصد کے لیے کیپیٹل پولیس کالج اسلام آباد کلیدی ادارہ ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے ویژن کے مطابق یہ کالج پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے سرگرم عمل ہے، جہاں کمانڈنٹ کیپیٹل پولیس کالج ملک جمیل ظفر اور ڈائریکٹر اسپیشل انیشی ایٹوز شمس الحق درانی کی نگرانی میں تربیتی کورسز بلا تعطل جاری ہیں،یہ تربیتی ادارہ 1981ءمیں قائم ہوا اور اکتوبر 2022ءمیں اپ گریڈ ہو کر کیپیٹل پولیس کالج کا درجہ دیا گیا۔
کالج کا جامع تربیتی شیڈول ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر مرتب کیا جاتا ہے جس میں ریکروٹ کورس، لوئر سکول، انٹرمیڈیٹ، پروبیشنر، اپر اور ایڈوانس کورسز کے علاوہ مختصر دورانیے کے خصوصی کورسز بھی شامل ہیں۔ ان کورسز میں انسدادِ دہشت گردی، سائبر کرائم، انویسٹی گیشن، لیڈرشپ، ویپن ہینڈلنگ، ہیومن رائٹس اور بین الاقوامی قانون جیسے موضوعات شامل ہیں۔1981ءسے 2025ءتک کیپیٹل پولیس کالج میں مختلف کورسز کے ذریعے مجموعی طور پر 21,548 پولیس افسران نے تربیت حاصل کی ہے۔ اس عرصے کے دوران 40 بیسک ریکروٹ کورسز میں 14,528 افسران، 23 لوئر اسکول کورسز میں 3,747 افسران، 14 انٹرمیڈیٹ کورسز میں 2,003 افسران اور متعدد ایڈوانس اور انسدادِ دہشت گردی کورسز میں سینکڑوں افسران نے حصہ لیا۔ سال 25-2024 کے دوران 272 افسران نے مختلف کورسز مکمل کیے جبکہ سال 2025ءمیں مزید 82 افسران نے خصوصی تربیتی کورسز میں حصہ لیا۔
کالج میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ 2 سمارٹ کلاس رومز اور 11 روایتی کلاس رومز موجود ہیں، جہاں بیک وقت 400 افسران تربیت حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کالج میں کمپیوٹر لیب، سیمینار روم، فائرنگ رینج، کھیلوں کے گرائونڈز، لائبریری اور ای لائبریری کی سہولت بھی موجود ہے۔ رہائش کے لیے تین بلاکس، 15 ہالز اور 16 کمرے قائم ہیں جہاں مجموعی طور پر 416 افسران قیام کر سکتے ہیں۔ کالج کے قریب میس اور کینٹین کے ساتھ رجمنٹل سٹور بھی موجود ہے۔کیپیٹل پولیس کالج میں زیرِ تربیت افسران کے لیے نظم و ضبط، جسمانی تربیت، پریڈ اور اسلحہ ہینڈلنگ کے خصوصی کورسز بھی باقاعدگی سے منعقد کیے جاتے ہیں۔
ڈرل سٹاف، نامور قانون دانوں اور سینئر پولیس افسران کے تعاون سے افسران کو عملی اور قانونی تربیت دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ کالج میں فٹبال، کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے لیے بھی سہولیات فراہم ہیں جبکہ احاطے میں مسجد اور ڈسپنسری بھی موجود ہے۔کیپیٹل پولیس کالج اسلام آباد نہ صرف موجودہ پولیس فورس کی ضروریات پوری کر رہا ہے بلکہ مستقبل کی پیشہ ور، تربیت یافتہ اور جدید پولیس فورس کی تیاری میں بھی فیصلہ کن کردار ادا کر رہا ہے۔








